فیڈررکیلئے یوایس اوپن خطاب کی راہ ہموار، جوکووچ باہر

   

نیویارک۔2ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) وئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر یوایس اوپن ٹینس چمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے جبکہ خطاب کی راہ میں ان کے لئے سب سے بڑی رکاوٹ عالمی نمبر ایک جوکووچ مقابلے سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ عالمی نمبر تین اور پانچ مرتبہ یہاں خطابات حاصل کرنے والے فیڈرر نے کسی مشکل کے بغیر بیلجئم کے ڈیوڈ گوفن کو راست سیٹوں میں 6-2, 6-2, 6-0 سے شکست دے کر کیریئر میں 13 ویں مرتبہ کوارٹر فائنل رسائی حاصل کرلی ہے۔ دیگر مقابلوں میںفرانس کے گیل مونفلس اور ارجنٹینا کے ڈیاگو شوارٹزمین نے یو ایس اوپن مینز سنگلز کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ امریکہ میں جاری یو ایس اوپن کے تیسرے رائونڈ میں عالمی نمبر 13فرانس کے گیل مونفلس نے کینیڈا کے ڈینس شیپلوف کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر آگلے مرحلے تک رسائی حاصل کی۔ ارجنٹینا کے ڈیاگو شوارٹزمین نے امریکہ کے ٹینیز سینڈگرن کو راست سٹوں میں شکست دی۔ اٹلی کے میٹو بریٹینی نے آسٹریلیا کے الیکسی پوپیرن کو ہرایا اور پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ روس کے اینڈرے روبلوف نے آسٹریلیا کے نک کرگیوس زیر کرکے ایونٹ سے باہر کردیا۔ خواتین سنگلز میں عالمی نمبر ایک جاپان کی نائومی اوساکا اور سوئٹزرلینڈ کی بلینڈا بینچچ نے پری کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔ امریکہ میں جاری میگا ایونٹ کے تیسرے رائونڈ میں عالمی نمبر ایک جاپان کی نائومی اوسکا نے مقامی کھلاڑی کوری گف کو راست سٹوں پر مشتمل مقابلے میں 6–3, 6–0. سے شکست دیکر آئندہ مرحلے میں نشست حاصل کی۔ سوئٹزرلینڈ کی بلینڈا بینچچ بغیر میچ کھیلے اگلے رائونڈ میں پہنچ گئیں کیونکہ ان کی حریف میچ سے قبل ان فٹ ہوگئیں۔ آسٹریلیا کی نمبر دو سیڈ ایشلے بارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں چین کی وینگ قوان نے آسانی سے راست سٹوں میں شکست دی۔ برطانیہ کی یوہانا کونٹا نے چوتھے رائونڈ میں چیک جمہوریہ کی کیرولینا پسلکوا کا چیلنج کو ختم کیا۔ ٹینس سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن میں سوپر اسٹارز زخموں کا شکار ہونے لگے، دفاعی چمپئن نواک جوکووچ پری کوارٹر فائنل کا میچ پورا نہ کر سکے اور مقابلے سے دستبردار ہو گئے جبکہ ریکارڈ ہولڈر سرینا ولیمز ٹخنے میں تکلیف کے باوجود کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ چوتھے راؤنڈ میں سوپر سٹار نوواک جوکووچ 23 ویں نمبر کے اسٹین واورینکا کے مدمقابل ہوئے۔ سوئس کھلاڑی نے کندھے کی تکلیف کا شکار دفاعی چمپئن کو پہلا اور پھر دوسرا سٹ ہرا دیا، تیسرے سٹ میں سربیائی اسٹارکھیل جاری نہ رکھ سکے اور سبکدوش ہو گئے۔ دوسری جانب ویمن سنگلز میں ریکارڈ 22 گرانڈ سلام خطابات جیتنے والی سرینا ولیمز کا چوتھے راؤنڈ میں پیٹرا میٹرک سے مقابلہ ہوا۔ سابق عالمی نمبرایک سرینا ولیمز ٹخنے میں تکلیف کے باوجود کامیاب ہوئیں، امریکی ٹینس اسٹار کی کامیابی کا اسکور 6-3 اور 6-4 رہا۔