پرینکا کو صدر بنانے سے متعلق سوال پر کانگریس کا رد عمل
نئی دہلی 29 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج کہا کہ پارٹی قائدین اور کارکن یہ حق رکھتے ہیں کہ وہ اپنی رائے ظاہر کریں تاہم پارٹی نے راست اس سوال کا کوئی جواب نہیںدیا کہ آیا پرینکا گاندھی کو پارٹی کی قیادت کرنی چاہئے ۔ قبل ازیں سینئر لیڈر و چیف منسٹر پنجاب امریندر نسگھ نے کہا تھا کہ پرینکا گاندھی صدارت کیلئے بہترین انتخاب ہوسکتی ہیں۔ کانگریس ترجمان منوج تیواری نے کہا کہ پارٹی کے موقف اور پارٹی میں اختیار کئے جانے والے موقف میں فرق ہوسکتا ہے ۔ جو پارٹی کے داخلی امور ہیں ان پر پارٹی اپنے طور پر فیصلہ کرتی ہے اور پارٹی کے قائدین اور کارکن اظہار خیال کرنے کا حق رکھتے ہیں کیونکہ کانگریس ایک جمہوری پارٹی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ داخلی امور پر پارٹی میں جو رائے اور خیال ظاہر کئے جا رہے ہیں ان سے پتہ چلتا ہے کہ کانگریس پارٹی میں داخلی جمہوریت ہے ۔ کیپٹن امریندر سنگھ نے آج اس خیال کا اظہار کیا تھا کہ پرینکا گاندھی پارٹی قیادت سنبھالنے کیلئے مناسب امیدوار ہوسکتی ہیں تاہم یہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کو اختیار ہے کہ وہ کوئی فیصلہ کرے ۔ تاہم انہو ںنے راہول گاندھی کی جانب سے پارٹی صدارت سے مستعفی ہوجانے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نوجوان قوم ہے اور لیڈر نوجوان ہونا چاہئے ۔