قانون داں رام جیٹھ ملانی کا 95سال کی عمرمیں انتقال

,

   

صدر جمہوریہ ، نائب صدر ، وزیراعظم اور دیگر کا اظہار تعزیت ‘ آخری رسومات ادا کردی گئیں
نئی دہلی ،8ستمبر( سیاست ڈاٹ کام ) سابق مرکزی وزیر و معروف وکیل رام جیٹھ ملانی کا اتوار کی صبح انتقال ہوگیا۔وہ 95سال کے تھے ۔مسٹر جیٹھ ملانی اس وقت راجیہ سبھاکے رکن تھے اور کافی عرصہ سے علیل تھے ۔ مسٹر جیٹھ ملانی کی پیدائش صوبہ سندھ کے ضلع شکار پور میں 14ستمبر 1923کو ہوئی تھی ۔وہ پہلی بار 1959میں کے ایم ناناوتی بنام مہاراشٹر حکومت کا مقدمہ لڑنے کے بعد مقبول ہوئے تھے ۔انھوں نے راجیوگاندھی کے قاتلوں کا مقدمہ بھی لڑاتھا اور شیئر بازار گھپلہ میں ہرشد مہتہ اور کیتن پاریکھ کے مقدموں کی پیروی کی تھی ۔ مسٹر رام جیٹھ ملانی کی آخری رسومات آج شام 5.30 بجے لودھی روڈ شمشان میں ادا کردی گئیں۔ ان کے فرزند مہیش جیٹھ ملانی نے ان کی چتا کو آگ دکھائی ۔ مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد ‘ افراد خاندان اور معروف سیاستدانوں اور دوست احباب نے اس موقع پر شرکت کی ۔ مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے رام جیٹھ ملانی کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ جیٹھ ملانی کی بیٹی شوبھا اور بہو بھی آحری رسومات میں موجود تھیں۔ خاندان کے ذرائع نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس ڈی وائی چندرا چوڑ نے ان کی رہائشگاہ پہونچ کر آنجہانی کو خراج پیش کیا ۔ ایک اور سپریم کورٹ جج جسٹس بی آر گوائی اور سابق چیف جسٹس آف انڈیا دیپک مصرا نے بھی انہیں خراج پیش کیا ۔ مسٹر رام جیٹھ ملانی کے انتقال پر اعلی سیاسی شخصیتوں کے علاوہ صدر جمہوریہ مسٹر رام ناتھ کووند ‘ نائب صدر وینکیا نائیڈو اور وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے پانے تعزیتی پیغام میں کہا،‘‘

سابق مرکزی وزیر اور معروف وکیل مسٹر رام جیٹھ ملانی کے اچانک انتقال سے افسردہ ہوں ۔وہ انتہائی بے باکی کے ساتھ عوامی معاملات پر اپنی رائے کے اظہار کے لیے جانے جاتے تھے ۔قوم نے ایک اہم قانون داں اور عظیم عالم کو کھودیاہے نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا،‘‘ مسٹر جیٹھ ملانی کاانتقال میرا ذاتی نقصان ہے ۔میں نے اپنا دوست اور قریبی ساتھی کھودیاہے ۔وزیراعظم مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ رام جیٹھ ملانی کے انتقال سے ہندستان نے ایک غیر معمولی وکیل اورایک اہم عوامی خدمت گار کو کھودیاہے ،جس نے عدالت اور پارلیمنٹ میں کافی اہم خدمات انجام دیں ۔خوش مزاج اور بہادر انسان تھے اور کبھی کسی موضوع پر پورے یقین کے ساتھ اپنے خیالات کے اظہار سے گریزنہیں کرتے تھے ۔مودی نے کہاکہ مسٹر جیٹھ ملانی کی سب سے بڑی خوبیوں میں سے ایک خوبی یہ تھی کہ وہ اپنی بات انتہائی بے باکی سے رکھتے تھے ۔ایمرجنسی کے دوران کے عزم اور عام لوگوں کی آزادی کے لیے لڑائی کو ہمیشہ یاد کیاجائیگا ۔ضرورت مندون کی مددکرنا انکی زندگی کا ایک اہم حصہ تھا۔

جیٹھ ملانی نے جدوجہد سے پہچان بنائی:کانگریس
نئی دہلی، 8ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے مشہور وکیل اور سابق مرکزی وزیر جیٹھ ملانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے معروف وکیل تھے جنہوں نے جدوجہد سے اپنی پہچان بنائی تھی۔کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے اتوارکو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں پارٹی کی طرف سے ان کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے کنبہ کے لوگوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا او ر کہاکہ وہ ملک کے اہم وکلا میں سے ایک تھے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بننے کے بعد مسٹر جیٹھ ملانی ہندستان آئے تھے ۔ زندگی میں جدوجہد کرتے ہوئے انہوں نے ملک میں اپنی الگ پہچان بنائی۔ وہ 1998میں رکن پارلیمنٹ رہے اور بعد میں مرکزی حکومت میں قانون اور شہری ترقیات کے وزیر بھی رہے ۔ وہ ملک کے چند معروف وکلاء میں سے ایک تھے ۔