حیدرآباد۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے کونسل کے لیے پانچ علیحدہ کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی ہے۔ جی سکھیندر ریڈی کی صدارت میں رولس کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں وزیر امور مقننہ وی پرشانت ریڈی، وزیر فینانس ٹی ہریش رائو، وزیر قانون اے اندرا کرن ریڈی، کڈیم سری ہری، ڈاکٹر پلا راجیشور ریڈی، ڈاکٹر ایم سرینواس ریڈی، ریاض الحسن آفندی، ٹی جیون ریڈی اور ایم رام چندر رائو شامل ہیں۔ مراعات کمیٹی کے صدرنشین کونسل کے نائب صدر نشین ایم ودیا ساگر ہوں گے جبکہ ارکان میں ٹی مہیندر ریڈی، ریاض الحسن آفندی، فاروق حسین اور این نرسمہا ریڈی کو شامل کیا گیا ہے۔ پٹیشن کمیٹی کے صدرنشین این ودیا ساگر ہوں گے جبکہ ارکان میں کے نارائن ریڈی، پی ستیش کمار، سرینواس ریڈی اور ایم رام چندر رائو شامل ہیں۔ تیقنات کمیٹی کے صدرنشین وی گنگادھر گوڑ مقرر کئے گئے جبکہ ارکان میں وائی ملیشم، ایس سبھاش ریڈی، ٹی چناپا ریڈی اور کے رگھوتم ریڈی شامل ہیں۔ ایوان میں حکومت کے ایجنڈے کی پیشکشی کے لیے سید امین الحسن جعفری کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں وی بھوپال ریڈی، بی لکشمی نارائنا، کے نوین رائو اور ٹی جیون ریڈی شامل ہیں۔