گورنر عنقریب اعلامیہ جاری کریں گی، 6 ارکان کی میعاد کل ختم ہوگی
حیدرآباد۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے عبوری صدرنشین کے تقرر کی کارروائی تیز ہوچکی ہے اور توقع ہے کہ ریاستی گورنر ٹی سوندرا راجن 3 جون کو عبوری صدرنشین کے نام کا اعلامیہ جاری کریں گی۔ قائد ایوان کی سفارش پر گورنر عبوری صدر کا تقرر کرتی ہیں۔ تلنگانہ میں ایم ایل سی کی 6 نشستیں 3 جون کو خالی ہورہی ہیں جن میں صدرنشین جی سکھیندر ریڈی اور نائب صدرنشین این ودیا ساگر بھی شامل ہیں۔ دونوں کی میعاد بیک وقت ختم ہونے اور کوویڈ کے باعث الیکشن ملتوی کئے جانے کی وجہ سے عبوری صدرنشین کا تقرر ضروری ہوچکا ہے کیونکہ صدرنشین کے بغیر کونسل میں دستوری بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ اگر صدرنشین کی میعاد ختم ہو تو نائب صدرنشین اضافی ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں لیکن تلنگانہ میں صدر نشین اور نائب صدرنشین دونوں کی میعاد 3 جون کو ختم ہورہی ہے۔ عام طور پر اسمبلی انتخابات کے بعد نو منتخب ارکان کو حلف دلانے عبوری اسپیکر کا تقرر کیا جاتا ہے جو نئے اسپیکر کے تقرر تک برقرار رہتے ہیں لیکن کونسل میں ہر سال چند ارکان کی میعاد ختم ہوتی ہے اور یہاں عبوری صدرنشین کے تقرر کی روایت نہیں ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کورونا صورتحال کے سبب تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ایم ایل سی انتخابات کو ملتوی کردیا ہے۔ جن6 ارکان کونسل کی میعاد 3 جون کو ختم ہورہی ہے ان میں جی سکھیندر ریڈی، این ودیا ساگر، کڈیم سری ہری، ڈی وینکٹیشورلو، محمد فرید الدین اور اے للیتا شامل ہیں۔ کونسل کے سینئر ترین رکن کو عبوری صدرنشین مقرر کیا جاتا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈی راجیشور راؤ اور وی بھوپال ریڈی کے نام زیر گشت ہیں۔ یہ دونوں کونسل کے سینئر ارکان ہیں جو تیسری میعاد مکمل کررہے ہیں۔ راجیشور راؤ گورنر کوٹہ کے تحت نامزد کئے گئے جبکہ بھوپال ریڈی مجالس مقامی کوٹہ کے تحت کونسل کیلئے منتخب ہوئے۔