قانون ساز کونسل کے ممکنہ امیدوار،بومئی کی امیت شاہ سے گفتگو

   

نئی دہلی۔ کرناٹک کے چیف منسٹر بسواراج بومئی نے ہفتہ کو کہا کہ انہوں نے ریاست سے راجیہ سبھا اور قانون ساز کونسل کی نشستوں کے لئے ممکنہ امیدواروں کی فہرست پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے فون پر تبادلہ خیال کیا۔ بومئی 10 دنوں سے بھی کم عرصے میں دوسری بار دہلی آئے ہیں۔ بومئی نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے امیدواروں کی فہرست پر کرناٹک کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے انچارج ارون سنگھ کے ساتھ تفصیل سے بات چیت کی ہے۔ سنگھ سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کرناٹک کے چیف منسٹر نے کہا کہ وہ کل رات ہی وزیر داخلہ سے فون پر بات کر سکے کیونکہ وہ کسی ضروری کام میں مصروف تھے اور شاہ کے مشورے پر انہوں نے آج سنگھ سے تفصیلی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ میں کل شام دہلی آیا تھا۔ میں امیت شاہ جی سے ملنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ میں کل رات ہی ان سے فون پر بات کر سکا کیونکہ وہ کسی ضروری کام میں مصروف تھے۔ میں نے ان کے ساتھ ریاست سے راجیہ سبھا اور قانون ساز کونسل کی نشستوں کے ممکنہ امیدواروں کی فہرست شیئر کی اور اس پر تبادلہ خیال کیا۔ بومئی نے کہا کہ انہوں نے سنگھ سے ملاقات کی اور پارٹی کی کورکمیٹی کی میٹنگ کے دوران کیے گئے فیصلے کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔ دریں اثنا، بومئی نے یہ بھی کہا کہ وہ بنگلورو واپس آنے کے بعد ریاست میں شدید بارش کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔اہم بات یہ ہے کہ کرناٹک سے راجیہ سبھا کی چار سیٹوں اور ریاستی اسمبلی کے گریجویٹس اور اساتذہ کے حلقوں میں دو دو سیٹوں کے لیے دو سالہ انتخابات بالترتیب 10 اور 13 جون کو ہوں گے۔ کرناٹک قانون ساز کونسل کے دو سالہ انتخابات 3 جون کو ہوں گے۔