قانون سب کے لیے برابر اور یکساں

   

کریم نگر میں کے ٹی آر کے جلسہ میں استعمال ساونڈ سسٹم ضبط ، پولیس کی کارروائی
کریم نگر ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو غیر معمولی ناقابل یقین حدتک کامیابی ملی ہے ۔ یہ علاقائی پارٹی مرکزی حکومت میں اسی طرح اہم رول ادا کرنے کے خواب و خیال میں گم ہے۔ ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے سی آر کے جانشین پارلیمانی امور کے مشاورتی اجلاس میں شرکت پر زبردست خیر مقدم کیا گیا ۔ یہ اجلاس 6 مارچ کو ایس آر آر کالج میں منعقد ہوا تھا ۔ اس جلسہ کی تیاری اور انتظامات مقامی رکن اسمبلی گنگولا کملاکر کی نگرانی میں انجام دئیے گئے ۔ 20 ہزار سے زائد کارکنان بائیک ریالی کی شکل میں جلسہ میں شریک ہوئے ۔ اس جلسے میں آواز کی بہتری کے لیے جدید مکسچر اور ڈی جے ساونڈ سسٹم کا استعمال کیا گیا تھا ۔ جس پر پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے اس ساونڈ سسٹم کو ضبط کرلیا ۔ جب اس سلسلہ میں پولیس عہدیداروں سے تفصیلات طلب کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ شہری علاقوں میں ڈی جے اور مکسچر ساونڈ سسٹم پر پابندی ہے ۔ اسی بناء پر اس ساونڈ سسٹم کے استعمال کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے ۔ اس غیر قانونی کام کو روکنے کے لیے ساونڈ سسٹم کو پولیس نے ضبط کرلیا ہے ۔ اس سلسلہ میں پارٹی کے وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں نے پولیس سے استفسار کیا اور متعلقہ عہدیداروں نے وہی تمام باتیں بتادیں جو کہ سسٹم کے مالک کو بتائی گئی تھیں ۔ ساونڈ سسٹم مالک نے راست پولیس سے رابطہ کر کے اپنے سسٹم کو واپس کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر پولیس نے اس پر بھی مقدمہ درج کردیا ۔ اس خبر کے عام ہوتے ہی عوام میں چہ میگوئیاں شروع ہوچکی ہیں کہ قبل ازیں وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے اسی مائک سے خطاب کیا تھا ۔ اس وقت یہ قانون کہاں تھا ۔ اب اچانک قانون کے نمونہ کی پیشکشی پر عوام حیران ہوگئے ہیں ۔۔