استنبول : اسرائیل نے ایران پر قبرص میں موجود اسرائیلی افراد کے قتل کی سازش کا الزام عائد کیا ہے۔ قبرص پولیس نے مبینہ طور پر ایک ایسے حملہ آور کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا تھا جو اسرائیلیوں پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔بحیرہ روم کے جزیرہ قبرص کی پولیس نے اپنے یہاں ایک مسلح شخص کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا، جس کے فوری بعد اسرائیل نے ایران پر قبرص میں رہنے والے اسرائیلیوں پر حملہ کرنے کی سازش کرنے کا الزام عائد کر دیا۔ تاہم ایران نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ اسرائیل کے وزیر اعظم کے ایک ترجمان متان سیڈی نے اس حوالے سے 4 اکتوبر پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا، ”یہ ایک دہشت گردی کا واقعہ تھا، جو ایران کی ہدایت کے مطابق کیا گیا تھا اور یہ قبرص میں رہنے والے اسرائیل کی کاروباری شخصیات کے خلاف تھا۔”تاہم اسرائیل نے اس بات کی بھی تردید کی کہ یہ مبینہ منصوبہ بندی اسرائیلی ارب پتی کاروباری شخصیت ٹیڈی ساگی کے خلاف تھی۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے ترجمان کا کہنا تھا، ”اسرائیلی تاجر ٹیڈی ساگی اس حملے کا ہدف نہیں تھے۔” اسرائیل کے بعض میڈیا اداروں نے اس طرح کی خبریں نشر کی تھیں کہ سازش کا ہدف شاید وہی تھے۔