نکوسیا، 25 جولائی (یو این آئی) قبرص کے جنگل میں لگنے والی آگ نے ایک گاڑی کو بھی اپنی زد میں لے لیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 2 روز سے قبرص کے جنگل میں آگ بھڑک رہی ہے جسے بجھانے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آگ نے مشرقی بحیرہ روم کے جزیرے کے دیہاتوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے ۔پولیس کے مطابق آگ نے مالیا گاؤں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا جہاں ایک گاڑی سے 2 افراد کی جھلسی ہوئی نعشیں ملیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی شناخت تو نہ ہو سکی تاہم یہ بتایا جا رہا ہے کہ یہ گاڑی 77 سالہ بزرگ خاتون کی تھی جو لاپتہ تھی اور خیال کیا جارہا ہے کہ جھلسنے والا بزرگ جوڑا تھا۔ آگ سے 100 مربع کلومیٹراراضی تباہ ہوگئی جبکہ کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا، آتشزدگی سے متعداد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے مختلف ہاسپٹلوں میں منتقل کیا گیا۔