ضلع میدک میں سڑک کی توسیع کے نام پر راتوں رات قبرستان کی مسماری، مسلمانوں کا اظہار ناراضگی، پولیس سے شکایت
میدک ۔ ضلع میدک کے ٹیکمال کی برمٹ پلی میں مسلم قبرستان کو سڑک کی توسیع کے بہانے راتوں رات لب سڑک موجود قبرستان کی کئی قبروں کو مسمار کردیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے عہدیداروں نے اس طرح کی کارروائی انجام دی۔ جس کی اطلاع جیسے ہی عام ہوئی برمٹ پلی اور ٹیکمال کے مسلمانوں نے قربستان کا معائنہ کیا اور اس حرکت پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ این ایچ اتھاریٹی، آر اینڈ بی عہدیدار اور کنٹراکٹرس کی ملی بھگت ایک پلان کی وجہ قبرستان کو برباد کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہیکہ مسلمانوں نے قبل ازیں ہی اس قبرستان کے تحفظ کے لئے ہائی کورٹ میں ایک اپیل بھی داخل کی تھی اور وقف بورڈ تلنگانہ کے علم میں بھی اس مسئلہ کو لایا گیا تھا جس پر ایک سال قبل یہاں ہائی وے اتھاریٹی نے اپنا کام بند کردیا تھا، لیکن اچانک راتوں رات دوبارہ اس عمل کو انجام دیتے ہوئے قبروں کی بے حرمتی کی گئی۔ یہ مسئلہ چوں کہ عدالت میں زیر تصفیہ ہے ہائی وے اتھاریٹی کو چاہئے تھا کہ فی الحال اس عمل کو روک دیتے، تعطیلات کی وجہ ٹھوس اقدام کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ضلع میدک میں اس طرح بہت سی اوقافی جائیدادیں تباہی کے دہانے پر ہے۔ کئی مقامات پر قبرستانوں کے اراضیات پر غیر مجاز قبضہ اور کاروبار انجام دیئے جارہے ہیں۔ حکومت اور ریاستی وقف بورڈ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ حالانکہ مقامی مسلمانوں نے ایسے واقعات کو لیکر وقف بورڈ میں درخواست کرتے آرہے ہیں لیکن کچھ حاصل نہیں ہو رہا ہے۔ کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ ایسا لگتا ہیکہ حکومت میں شامل مسلمان نمائندیں جو اچھے عہدوں پر فائز ہیں خاموش ہاتھ جوڑ کر کے سی آر کے سامنے کھڑے ہوتے ہیں۔ وزیر داخلہ ہیں کہ جہاں جاؤ یہی کہتے ہیں کہ ہمارے سی ایم کے سی آر مہاتما گاندھی ہیں۔ وقف بورڈ کے مونارک کہتے ہیں کہ ہمارے چیف منسٹر سیکولر ہیں۔ عملی اقدامات کچھ تو نہیں ہو رہے ہیں، صرف جی حضوری میں اپنی میعاد مکمل کرلینا ٹھان لئے ہیں۔ محمد سلیم ساکن ٹیکمال ٹی آر ایس قائد نے برمٹ پلی کے قبرستان کے تحفظ کے لئے مقامی مسلمانوں کے تعاون سے قبروں کو مسمار کرنے پر سخت نوٹ لیتے ہوئے محکمہ پولیس میں شکایت بھی کی۔ بتایا جاتا ہے کہ 239/1 سروے نمبر وقف گزٹ میں 51-A کے تحت 5 گنٹے اراضی اوقافی موجود ہے۔ جناب محمد سلیم ٹیکمالی کی درخواست پر پولیس نے بھی برمٹ پلی کا دورہ اور قبرستان کا معائنہ کیا اور یہاں پولیس فورس کو تعینات کردیا گیا ہے۔