قدرتی آکسیجن انسانی زندگیوں کو بچانے میں اہم کردار

   

۔230 کروڑ پودوں کی شجرکاری کا منصوبہ ، وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی

عادل آباد : قدرتی آکسیجن کے ذریعہ انسانی زندگیوں کو بچانے کی غرض ریاست میں 230کروڑ پودوں کی شجرکاری کرنے کا منصوبہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بنایا جس کے تحت ریاست میں چھٹویں مرحلہ کے ہریتا ہارم کے تحت 30کروڑ پودوں کی شجرکاری کی جارہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر جنگلات ماحولیات ، انڈومنٹ ، قانون مسٹر اے اندرا کرن ریڈی نے مستقر عادل آباد کے موالا پارک میں منعقدہ تقریب کید وران کیا اور کہاکہ گذشتہ پانچ مرحلوں کے دوران ریاست میں 182 کروڑ پودوں کی شجرکاری کا کام انجام دیا گیا ۔ ریاست کے تمام مجالس بلدیات ، گرام پنچایت کی سطح پر شجرکاری اور پودوں کی افزائش کی خاطر 10% رقم حکومت کی جانب سے محتص کی جارہی ہے ۔ جنگل کے فاضل درختوں کی کٹائی کرنے والے اسمگلرس کی اطلاع دینے والے فرد کو پانچ ہزار روپیوں کا انعام دینے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اطلاع دینے والے فرد کا نام راز میں رکھا جائے گا ۔ قبل از سابق ریاستی وزیر عادل آباد رکن اسمبلی مسٹر جوگو رامنا نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نہ صرف ریاست بلکہ ضلع عادل آباد پر بھی اپنی خصوصی توجہ مرکوز کے ہیں جس کے پیش نظر مختلف ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کیلئے کروڑوں روپیہ جہاں ایک طرف حاصل ہورہے ہیں ، وہیں دوسری طرف ضلع عادل آباد کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جارہا ہے ۔ ضلع میں 50لاکھ پودوں کی شجرکاری کا منصوبہ بنایا گیا جس کے تحت جاریہ سال ہریتا ہارم میں 50لاکھ پودوں کی شجرکاری کی جارہی ہے اور ان پودوں کی حفاظت و افزائش کے خاطر بھی مختلف افراد کو ذمہ داری عائد کی گئی ہے ۔ ایک یوم میں دو لاکھ پودوں کی شجرکاری کا منصوبہ بنایا گیا تھا جس کے تحت موالا تا چاندہ ٹی جو قدیم قومی شاہراہ تصور کی جاتی ہے جس کے دونوں جانب کے علاوہ درگا نگر میں پانچ ایکڑ اراضی پر اور دیگر مقامات پر پہنچ کر ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی نے رسمی طور پر شجرکاری میں حصہ لیا جبکہ اس موقع پر عادل آباد رکن اسمبلی مسٹر جوگو رامنا ، یوتھ رکن اسمبلی مسٹر راتھوڑ بابو راؤ ، صدرنشین ضلع پرجا پریشد مسٹر راتھوڑ جناردھن ، ضلع کلکٹر سری دیواسینا ، فارسٹ آفیسر ونود کمار ، ڈی ایف او پربھاکر اور دیگر سرکاری و غیر سرکاری عہدیدار موجود تھے ۔