قرآن مجید تلاوت رحمت ،برکت ،نجات جنت کی ضمانت

   

کل ہند سنی علماء بورڈ کا جلسہ یوم القرآن ، مولانا سید شاہ نجم الدین قادری، مفتی محمد حسن الدین
حیدرآباد 27/فروری (راست) امیر کل ہند سنی علماء بورڈ مولانا سید شاہ نجم الدین قادری الجیلانی ثاقب پاشاہ نے کل ہند سنی علماء بورڈ کے سالانہ مرکزی جلسہ یوم القرآن منعقدہ تاریخی مکہ مسجد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں ظاہری وباطنی تمام علوم کے علاوہ ہر چیز کا ذکرہے موجود ہے ،حضور ﷺ قرآن پاک سے جدا نہیں ، بلکہ سارا قرآن حضور پاک کی توصیف وتعریف میں ہے ، قرآن مجید کو اللہ تعالیٰ نے نصیحت وہدایت کیلئے نازل فرمایا ، قرآن پاک سے لگاؤ رکھنا جنت کی ضمانت ہے ، حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا تم میںسے بہترین شخص وہ قرآن مجید کو پڑھے اور پڑھائے ۔ قرآن قلب انسانی کا نور ہے یہ دل پر طاری ہوتا ہے تو دل کی دنیا بدل دیتا ہے ، قرآن مجید برکات ، حسنات اور فیضان الٰہی کا لامتناہی سرچشمہ ہے ، کائنات کی تمام کتابوںسے افضل ترین کتاب ہے ، جس کا پڑھنا ،دیکھنا ، سننا سب عبادت میںشامل ہے ۔ قرآن پاک کی تلاوت رحمت ،برکت ،نجات ،ذکر بھی ہے اور فکر بھی ہے ، اللہ نے قرآن پاک کو آسان کردیا تا کہ تم سمجھو اور اس پر عمل کرو۔مولانا نجم الدین قادری نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ حضور ﷺ، صحابہ کرام اور اہل بیت اطہار سے محبت وعقیدت رکھیں ۔ جلسہ کا آغازقاضی عظمت اللہ جعفری کی قرأت ، حافظ محمد مصعب پاشاہ دانش کی نعت شریف سے ہوا۔نظامت کے فرائض مفتی عبد الواسع احمد صوفی انجام دئیے ، جبکہ جلسہ کی صدارت مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری صدر کل ہند سنی علماء بورڈ نے کی ، مفتی محمد حسن الدین صدر مفتی جامعۃ المؤمنات نے کہا کہ قرآن مجید کے گیارہ نام ہیں اور بار بار پڑھی جانے والی اور ساری دنیا میں پڑھی جانے والی کتاب قرآن مجید ہے ، اللہ نے اس کتاب کو قواعد تجوید اور خوبصورتی کے ساتھ پڑھنے کا حکم دیا،قرآن مجید کا ایک نام فرقان ہے جو حق وباطل کے درمیان فرق کرتا ہے،قرآن مجید کی تلاوت جب دل پر اثر کرتی ہے تو فائدہ مند ہے۔ کامیابی سے دوچار ہو۔ مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات نے کہا کہ قرآن مجید کی تلاوت حصول برکت کے ساتھ ساتھ سبق آموز واقعات کا سرمایا ہے ،مسلمانوں کا ایمان ہے قیامت تک کوئی آیت ،کوئی حروف اور کوئی حرکت تبدیل نہیں ہوسکتی یہ قرآن مجید کا اعجاز ہے،قرآن جتنی عظیم ومقدس کتاب ہے حاملین قرآن بھی اسی کی نسبت سے عظیم ومقدس ہیں۔ مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری نے کہا کہ قرآن مجید کو ترجمہ و تفسیر کے ساتھ پڑھیں ،قرآنی تعلیمات پر سختی سے عمل پیرا ہوں تا کہ دنیا وآخرت میںکامیابی حاصل ہو،کو سمجھ کر پڑھیں اور عمل کریں۔ اس جلسہ میں مولانا قطب الرحمن افتخاری، جناب سید شا ہ نور الحق قادری، مولانا عبد الجلیل طارق نقشبندی،مولانا حافظ رضوان قادری ، مولانا سیدرفعت علی نقشبندی، مفتی شیخ عابد علی ،مفتی محمد غوث عادل، مولانا ساجد احمد کامرانی ، حافظ عبدالقیوم ، جناب قیصر ،محمد عبد الکلیم ، شیخ محمد امام الدین ،حافظ غوث قادری، مولانا عبدالغفار نظامی ،جناب امجد علی وغیرہ شرکت کئے۔ دعا وسلام پر جلسہ کا اختتام عمل میںلایا گیا۔