مدرسہ عربیہ سراج العلوم ورنگل میں جلسہ تکمیل حفظ قرآن و استقبال رمضان سے علماء کاخطاب
ورنگل/23 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدرسہ عربیہ سراج العلوم رحمت نگر کالونی شمعون پیٹھ ورنگل میں اجلاس عظمت قرآن و استقبال رمضان المبارک بموقع مسرت تکمیل حفظ قرآن مجید پروگرام کا زیر صدارت حضرت مولانا ہارون رشید قاسمی صدر مدرس جامعہ اسلامیہ نور الفرقان للبنات ورنگل ، زیر نگرانی الحاج خواجہ منصور احمد سرپرست مدرسہ ہذا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اعزازی مہمان کی حیثیت سے جناب شاہد مسعود ریجنل ڈائرکٹر میونسپل اڈمنسٹریشن ،جناب محمد عبدالسبحان ،جناب محمد طاہر نواب مالک عکاظ ٹراویلس ورنگل نے شرکت کی۔ مولانا محمد فصیح الدین قاسمی رشادی قاسمی ناظم مدرسہ عربیہ سراج العلوم نے افتتاحی کلمات پیش کیا اور مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر مولانا ہارون رشید قاسمی ،مولانا فصیح الدین قاسمی ، مولانا محمد نصیر الدین حسامی صدر دینی تعلیمی بورڈ ورنگل ، مولانا سید ایوب قاسمی ناظم مجلس تحفظ ختم نبوت ورنگل ، مولانا محمد عتیق الرحمن اسعدی ناظم مدرسہ عربیہ حضرت ابو بکر صدیقی ،ورنگل ، مولانامفتی محمد زکریا احمد قاسمی ناظم المعہد الاسلامی ورنگل اور دیگر نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن مجید مکمل حفظ کرنے والے بہت ہی خوش نصیب ہیں۔ حفظ قرآن کی تکمیل ایک بہت بڑی نعمت ہے۔دور حاضر کے عصر ی ٹکنالوجی کے دور کے باوجود ہر فرداس بات کا عزم کریں کہ اپنے بچوں کو حافظ قرآن بنائیں گے۔ قرآن پاک کے احکامات پر عمل آوری کرنے پر دنیا و آخرت دونوں حاصل ہونگی۔زندگی کو احکامات خدا وندی اور نبی کریم کے مبارک سنتوں پر عمل کرتے ہوئے اس کی خوشنودی و رضامندی کے ساتھ گزاریں ۔ انہوں نے کہاکہ اپنے گھروں میں قرآن مجید کی تلاوت کو معمول بنائیں۔ توحید کو سختی کے ساتھ اپنائیں اور سنتوں پر سختی کے ساتھ عمل کریں اور شرک سے بچنے کی کوشش کریں۔حرام اور حلال میں تمیز کریں۔نوجوان نسل کو قرآن مجید اور دینی معاملات کی جانب راغب کریں۔نوجوان نسل اور بالخصوص خواتین کو اسلام تعلیمات سے واقف کروائیں ۔ انہوںنے کہاکہ ذات نبی سے محبت اور تعلیم نبویہ پر عمل ہی ہمیں گمراہیوں سے بچا سکتا ہے۔ اس موقع پر حفظ قرآن مجید تکمیل کرنے والے طلباء کی گلپوشی و شالپوشی انجام دی گئی۔ آخر مولانا ہارون رشید قاسمی نے دعا کی۔ مولانا محمد ناصر احمد قاسمی نے ہدیہ تشکر پیش کیا ۔ اس موقع پر حافظ محمد جاوید احمد سراجی ، مولانا محمد نوشاد اختر قاسمی ، مولانا محمد محسن قاسمی ، حافظ محمد خواجہ رضی الدین عمران سراجی ، حافظ محمد عبدالرحیم سراجی ، حافظ میر ہاشم علی سراجی کے علاوہ اساتذہ ،طلباء اور شرکاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔