قرآن مجید کی تلاوت میں ہی مسلمانوں کی کامیابی

,

   

والدین بچوں کو روزانہ قرآن مجید کی تلاوت کا پابند بنائیں : سلطان عبداللہ

قنطن (ملائیشیا) 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) قرآن مجید کی روزانہ تلاوت میں ہی مسلمانوں کی کامیابی مضمر ہے۔ ملائیشیا کے شاہ حسن الابراہیم عالم شاہ السلطان عبداللہ ریاض الدین المصطفی شاہ نے والدین اور آجرین پر زور دیا کہ وہ روزانہ تلاوت قرآن مجید کو معمول بنالیں۔ ٹنگو حسن الابراہیم نے کہاکہ گھروں اور کام کے مقامات پر قرآن مجید کی تلاوت ضروری ہے۔ قرآن کو سمجھ کر پڑھنا چاہئے۔ اِس کی تعلیمات ہی ہماری روز مرہ زندگی کا حصہ ہیں۔ زندگی میں مسلمانوں کو کامیابی حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ وہ قرآن کو سینے سے لگائیں۔ قرآن کی تلاوت میں کوتاہی نہ کریں۔ اگر آپ کو قرأت سے تلاوت قرآن میں مشکل پیش آتی ہے تو باقاعدہ اساتذہ سے تربیت حاصل کریں۔ قرآن مجید کو سیکھنے، قرأت کے ساتھ پڑھنے کے لئے ضروری ہے کہ آج کی عصری ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے موبائیل فون پر سافٹ ویر اپ لوڈ کریں۔ زندگی کے تمام مسائل کے حل کیلئے قرآن مجید کافی ہے۔ تاہم قرآن مجید کو صرف دنیاوی مقاصد اور سیاسی کامیابی کے لئے پڑھنا اور اُس کی چند آیات کی تلاوت کو معمول بنانا غلط ہے۔ قرآن مجید کی آیات کو صرف سیاسی گروپ یا اپنے ذاتی مفادات کی خاطر پڑھنے کی عادت ڈالنا مناسب نہیں۔ پورا قرآن مجید ہی ضابطۂ حیات اور دین و دنیا کی کامیابی کا ضامن ہے۔ اُنھوں نے مسلمانوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ باہمی اختلافات کو دور کریں اور باہمی تعلقات کو مضبوط کریں۔ ساری دنیا میں اسلام اور مسلمانوں کی سربلندی کے لئے ضروری ہے کہ قرآن سے اپنا رشتہ مضبوط کریں۔ اُنھوں نے یہاں قرأت کے مقابلوں کے موقع پر حصہ لینے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔ 28 سالہ حافظ قرآن محمد سعید صابری قرأت قرآن میں حصہ لینے والے دیگر 14 قاریوں میں سرفہرست رہے۔ 2015 ء میں قرأت مقابلوں میں کامیاب محمد سعید بھی اِس موقع پر موجود تھے۔