ممبئی عید قرباں کی آمد سے قبل قربانی کے جانوروں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ ایسے میں نظم و نسق کی صورتِ حال کا مسئلہ بھی پیدا ہو جاتا ہے۔ عیدالاضحیٰ کے پیشِ نظر ہندو انتہا پسند تنظیموں کی بے جا غنڈہ گردی میں اضافہ بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔ بجرنگ دل، وشو ہندو پریشد اور گئو رکشا سمیتی جیسی ہندوتوا تنظیموں کی غنڈہ گردی پر قدغن لگانے اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت پولیس کارروائی کے مطالبات کو لے کر مسلمانوں کے ایک نمائندہ وفد نے ممبئی کے یشونت راؤ پرتشٹھان میں این سی پی چیف شرد پوار سے ملاقات کی۔عیدالاضحیٰ سے قبل ممبئی اور ریاستِ مہاراشٹر میں دیگر ریاستوں سے مویشیوں کی نقل و حرکت کا سلسلہ تیز ہو جاتا ہے۔ شر پسند عناصر کے ذریعے مویشیوں کے ٹرکوں کو روکا جاتا ہے اور تاجروں کو ہراساں کیا جاتا ہے۔ اس دوران مار پیٹ اور زد و کوب کے واقعات بھی پیش آتے ہیں۔ اس طرح کے حالات سے نظم و نسق کا مسئلہ پیدا ہو جاتا ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے پولیس کو سخت اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ریاست میں نظم و نسق کا خطرہ لاحق نہ ہو اور امن و امان کی صورتِ حال برقرار رہے۔