حیدرآباد۔/18 جون، ( سیاست نیوز) قرض کی رقم ادا نہ کرنے پر شادی میں رکاوٹ پیدا کرنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ انسپکٹر پولیس ایس آر نگر پولیس اسٹیشن مسٹر مرلی کرشنا نے یہ بات بتائی۔ بتایا جاتا ہے کہ 11 جون کو اپنے ملازم کی شادی میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے عملاً شادی روکنے کی کوشش کرنے والے شخص امیر الدین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔11 جون کو عبدالرزاق نامی شخص کی شادی بورا بنڈہ کے علاقہ میں واقع مسجد میں مقرر تھی۔ عبدالرزاق ، امیر الدین کے یہاں دو سال سے کام کرتا ہے اور اس نے 50 ہزار روپئے بطور قرض حاصل کیا تھا جس کی ادائیگی میں لاک ڈاؤن کے سبب اس کو دشواریاں پیش آرہی تھیں۔ اس بات کا علم ہونے کے بعد امیر الدین مسجد پہونچ گیا اور شادی میں رکاوٹ پیدا کردی تاہم کچھ دیر رسہ کشی اور تشویش کے بعد عبدالرزاق کا نکاح ہوگیا۔ اس وقت کی شکایت پر تحقیقات کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔