قطر گیٹ اسکینڈل: یورپی یونین کے مزید قانون ساز حراست میں

   

برسلز : یورپی یونین کے ارکان پارلیمان کے قطری حکومت سے رشوت لینے کے معاملے کی تحقیق کے دوران دو قانون سازوں کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے’قطر گیٹ کرپشن اسکینڈل کی تفتیش کے سلسلے میں مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے بھی مارے ہیں۔ یورپی حکام نے 10 فروری جمعہ کے روزیورپی یونین کے دو قانون سازوں کو اس “قطر گیٹ” کرپشن اسکینڈل کے سلسلے میں حراست میں لے لیا، جس کی وجہ سے گزشتہ دسمبر میں یورپی پارلیمنٹ میں تہلکہ مچ گیا تھا۔ بلجیم میں استغاثہ نے جمعہ کی سہہ پہر یورپی پارلیمان کے رکن مارک تارابیلا سے پوچھ گچھ کی۔ اس سے قبل پولیس نے بلجیم کے قصبے انتھیسنس میں واقع ان کے گھر، ٹاؤن ہال اور قریبی شہر لیج میں ایک بینک کے محفوظ ڈپازٹ باکس پر بھی چھاپے مارے۔ بلجیم کے استغاثہ کی ایما پر کارروائی کرتے ہوئے جمعہ کے روز اطالوی پولیس نے بھی نیپلز شہر میں ایک کلینک سے اطالوی رکن پارلیمان آندریا کوزولینوکو گرفتار کر لیا۔ یورپی پارلیمنٹ کے ان دونوں ارکان پر رشوت لینے کا الزام ہے۔ تاہم یہ دونوں اس کی تردید کرتے ہیں۔