بھونگیر میں قماربازی کا اڈہ بے نقاب، 8 افراد گرفتار، راچہ کنڈہ اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) راچہ کنڈہ پولیس نے قماربازوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا ہے اور اپنی غیرسماجی حرکتوں سے باز رہنے کا مشورہ دیا۔ راچہ کنڈہ کی اسپیشل آپریشن ٹیم بھونگیر زون نے ایک کارروائی کے دوران قماربازی کے بڑے ٹھکانے کو بے نقاب کردیا اور 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔ تاہم اصل سرغنہ مفرور بتایا گیا ہے۔ ایک خفیہ اطلاع پر ایس او ٹی نے بھونگیر حدود میں چندر یادو کے فام ہاؤز پر دھاوا کیا۔ پولیس کی اس کارروائی میں چندریادو مفرور بتایا گیا ہے جبکہ پولیس نے 2 لاکھ 56 ہزار 890 روپئے نقد رقم 8 موبائیل فونس اور ایک کار کو ضبط کرلیا جن کی کل مالیت 5.2 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ پولیس نے اس دوران 55 سالہ این ایلایا یادو ساکن بوڑاپل، 50 سالہ شری شیلم ساکن بوڑاپل، 38 سالہ وجے کمار یادو ساکن میڑپلی، 40 سالہ سریش ساکن بھونگیر، 35 سالہ آر مدھو ساکن بوڑاپل، 40 سالہ سنتوش ریڈی ساکن بھونگیر اور 60 سالہ شخص اماپتی ساکن پیرزادی گوڑہ کو گرفتار کرلیا۔ ایس او ٹی کے مطابق چندر یادو بھونگیر ٹاؤن میں واقع اپنے فام ہاؤز میں اکثر چھٹیوں کے دن جوے کا ٹھکانہ چلاتا تھا۔ گذشتہ روز اس فام ہاوز میں قماربازی کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس نے دھاوا کیا اور چندریادو کے ساتھیوں اور قمارزدہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اس موقع پر ایسی کسی بھی قسم کی سرگرمیوں بالخصوص قماربازی اور اس کے ٹھکانوں کے خلاف سخت نتائج کا انتباہ دیا۔