نئی دہلی : حکومت نے آج ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیاہے کہ افغانستان میں سیکورٹی کے بگڑتے حالات کے سبب قندھار میں ہندوستانی قونصل خانہ بند کردیا گیا ہے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں واضح کیا کہ قندھار میں ہندوستان کے قونصل خانے میں تعینات ہندوستانی ملازمین کو افغانستان میں سرکاری سکیورٹی فورسز اور طالبان کے مابین شدید تشدد کے دوران عارضی طور پر واپس بلا لیا گیا ہے ، اور مقامی عملہ کے ذریعہ مشن کام کررہاہے ۔باگچی نے مزید کہا ہندوستان افغانستان میں تیزی سے بدلتے سیکورٹی حالات پر باریکی سے نظر رکھے ہوا ہے ۔ ہمارے ملازمین کی حفاظت سب سے اوپرہے ۔ قندھار میں ہندوستانی قونصل خانہ بند نہیں کیا گیا ہے ۔ تاہم قندھار کے قریب شدید لڑائی کی وجہ سے ہندوستانی ملازمین کو فی الحال واپس بلایا گیا ہے ۔