حیدرآباد : تلنگانہ کے اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران مختلف جماعتو ں کے قائدین کی جانب سے الیکشن کمیشن کے قواعد کی خلاف ورزی کی گئی جس پر ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کے اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر میں سیاسی جماعتیں آخری لمحات میں ووٹرس کو راغب کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں تاہم انہوں نے انتخابی مہم کیلئے مقررہ قواعد کی بھی خلاف ورزی کی ہے ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے تشہیر کیلئے قائدین کے قافلہ میں کم تعداد میں وہیکلس کی اجازت دی گئی تھی لیکن کورونا وائرس کی وباء کے دوران مختلف قائدین نے قواعد کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجہ میں مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی ، جی جگدیش ریڈی اور اے ریونت ریڈی کے علاوہ بعض دیگر قائدین کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکورٹی وہیکلس کے علاوہ صرف 5 گاڑیوں کو قافلے میں شامل کرنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن قائدین کے قافلوں میں بڑی تعداد میں وہیکلس کا استعمال کیا گیا ۔ سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ انتخابی مہم کا ویڈیو فوٹیج حاصل کرنے کے بعد اُن قائدین کے خلاف مقدمات درج کئے گئے جنہوں نے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے ۔ ضلع نلگنڈہ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس اے وی رنگاناتھ نے یہ بات بتائی ۔ پولیس نے بتایا کہ کورونا قواعد کی پابندی نہ کرنے پر ٹی آر ایس امیدوار این بھگت اور بی جے پی امیدوار پی روی کمار کے خلاف بھی مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔