قوم کے حقوق کا تحفظ و قتل عام روکنے ہر ممکن کوشش کا عزم

,

   

خالد مشعل کا یحییٰ السنوار شہید کی تعزیتی تقریب سے خطاب
استنبول: حماس کے بیرون ملک امور کے سربراہ خالد مشعل نے ترکیہ کے شہر استنبول میں شہید یحیٰی السنوار کی تعزیتی تقریب کے دوران ایک ولولہ انگیز خطاب میں قوم اور دنیا کو پیغام دیا کہ حماس اپنے مزاحمتی سفر کو ہر ممکن طریقے سے جاری رکھے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ جب کوئی لیڈر شہید ہوتا ہے تو ایک نیا رہنما اس کی جگہ لے لیتا ہے اور یہ سلسلہ یوں ہی جاری رہے گا۔ویڈیو خطاب میں خالد مشعل نے واضح کیا کہ حماس اپنے شہید قائدین اور کارکنوں کے خون کے ساتھ وفاداری نبھاتے ہوئے ان کے راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک اپنے اصولوں، اقدار اور مزاحمتی حکمت عملی کو کبھی نہیں چھوڑے گی۔ یہ ایک ایسی تحریک ہے جو اپنے ورثہ کو ہمیشہ سینے سے لگائے رکھے گی۔خالد مشعل نے اپنی تقریر میں اس بات پر زور دیا کہ تحریک حماس اپنے رہنماؤں کے جانے کے بعد بھی غزہ میں جاری صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ ایک ایسی سرزمین ہے جس نے کئی دہائیوں سے مزاحمت کی بھاری قیمت چکائی ہے اور اب بھی اسی جوش اور ولولے کے ساتھ اپنے حق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ خالد مشعل نے کہا کہغزہ میں ہونے والی ان قربانیوں کو ہم رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور دشمن کی ہر چال کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حماس کی قیادت فلسطینی قوم کے خلاف جاری صہیونی جارحیت کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کا خون کئی سالوں سے بہایا جا رہا ہے اور خاص طور پر طوفان الاقصیٰ کے بعد پچھلے سال میں شمالی غزہ، جبالیہ اور بیت لاہیا میں ہونے والے قتل عام نے ثابت کر دیا ہے کہ دشمن کس حد تک ظلم کرنے پر تلا ہوا ہے لیکن ہم اس ظلم کے آگے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔مشعل نے شہید یحییٰ السنوار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی آخری سانس تک قوم کے حقوق کے تحفظ، القدس کی آزادی اور قبلہ اول کے دفاع کیلئے لڑائی جاری رکھی۔ ان کا خون اس بات کا گواہ ہے کہ وہ اپنے مشن میں کامیاب ہو گئے ہیں، اور ان کی قربانی حماس کے رہنماؤں کیلئے مشعل ہیں۔