قومی شاہراہ پر چیک پوسٹ کے ملازمین میں ماسک اور سینیٹائزر کی تقسیم

   

حیدرآباد۔ 3 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے حیدرآباد۔ورنگل قومی شاہراہ پر کورونا وائرس پر کنٹرول کے لیے قائم کردہ چیک پوسٹ کا دورہ کیا اور وہاں تعینات پولیس عہدیداروں اور ملازمین نے ماسک اور سینیٹائزر تقسیم کئے۔ انہوں نے ریاست میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پولیس، میڈیکل اینڈ ہیلتھ اور دیگر محکمہ جات کی ستائش کی اور کہا کہ عوام کی تائید ان محکمہ جات کو بھرپور حاصل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے طور پر لاک ڈائون کی پابندی کریں اور پولیس کو روک کر تلاشی لینے کے لیے مجبور نہ کریں۔ انہوں نے گاندھی ہاسپٹل میں ڈاکٹر پر حملے کے واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت کو ڈاکٹرس اور میڈیکل اسٹاف کو مکمل تحفظ فراہم کرنا چاہئے۔ طبی عملہ، ڈاکٹرس اور پولیس 24 گھنٹے فرائض انجام دے رہے ہیں اور انہیں خود بھی وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وائرس کا علاج صرف اور صرف احتیاطی تدابیر سے ممکن ہے۔ لاک ڈائون کے نتیجہ میں غریب اور مزدور بری طرح پریشان ہیں۔ حکومت نے اناج اور رقم کی تقسیم کا اعلان کیا لیکن ابھی تک کئی علاقوں میں تقسیم کا آغاز نہیں ہوا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر چاول اور نقد رقم کی تقسیم شروع کی جائے۔