ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے ممبئی کا دورہ، مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا مطالبہ
حیدرآباد۔/20 فروری، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے الزام عائد کیا کہ عوامی ناراضگی سے بچنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے ممبئی کا دورہ کیا ہے تاکہ قومی محاذ کے نام پر اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کی جاسکے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے قومی محاذ کی تشکیل کی کوششوں کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ قومی جماعتوں کے بغیر علاقائی جماعتوں کا اتحاد ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں وعدوں کی تکمیل میں ناکام کے سی آر قومی سطح پر قیادت کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے سابق میں بھی اس طرح کی مساعی کی تھی لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ تلنگانہ میں بی جے پی کی بڑھتی مقبولیت اور حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر قومی محاذ کا ایک نیا شوشہ چھوڑ دیا گیا۔ راجندر نے میڈارم جاترا میں شرکت کرنے والی ریاستی گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن کی توہین پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے پاس روایات کا کوئی پاس و لحاظ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے فون پر مبارکباد پیش کی جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کے پاس افراد کی نہیں اداروں کی اہمیت ہے۔ جمہوریت میں انتقامی کارروائیاں کامیابی کی ضمانت نہیں بن سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کارکنوں پر حملوں سے متعلق کے ٹی آر کا بیان شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر نے بی جے پی کارکنوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کی دھمکی دی ہے۔ راجندر نے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات میں حکومت پر عدم دلچسپی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ تلنگانہ کے نوجوان گزشتہ آٹھ برسوں سے تقررات کے منتظر ہیں۔ ریاست میں سرکاری ملازمین کی تعداد 300178 ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات کے وقت کے ٹی آر نے ایک لاکھ 32 ہزار 291 جائیدادوں کا اعلان کیا تھا لیکن پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ 31 ہزار جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی اور محض 4768 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ عوام کے سی آر پر مزید بھروسہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ر