قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ پر احتجاج

   

کریم نگر میں کانگریس قائدین کی ضلع کلکٹر کو یادداشت

کریم نگر 26 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی بغیر سوچے سمجھے پالیسیوں کی عمل آوری پروگراموں کی وجہ سے عوام کی روز مرہ کی ضروری اشیاء کی قیمت آسمان چھو رہی ہیں۔ غریب متوسط طبقات کو زندگی گزارنا مشکل ہورہا ہے اور پیاز کی قیمت فی کیلو 70 تا 80 روپئے ہوچکی ہے اور ترکاریاں بھی آج غریب عوام کے قوت خرید سے باہر ہوتی جارہی ہیں اور گوشت کی قیمتیں بھی بہت زیادہ ہوگئی ہیں۔ بڑے تاجرین روز مرہ کی اشیاء کا ذخیرہ کرتے ہوئے گودام بھر رہے ہیں اور حکومت تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ متوسط طبقات مزدور پیشہ کو کیا کھانا چاہئے سمجھ سے باہر ہوچکا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ قیمتوں پر قابو پاتے ہوئے روز مرہ کی اشیاء کی بہ آسانی دستیابی کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔ حکومت راشن شاپ کے ذریعہ یہ اشیاء فراہم کرے۔ ان تمام مطالبات پر مشتمل ایک تحریری یادداشت ضلع کلکٹر کریم نگر مسٹر سرفراز کے حوالہ کی گئی۔ اس یادداشت کو مقامی کانگریس پارٹی کے ارکان نے حوالہ کیا اور احتجاجی پروگرام منظم کیا۔ اس موقع پر پی سی سی جنرل سکریٹری رنجن کمار، ترجمان کومٹ ریڈی، نریندر ریڈی، محمد تاج الدین، اوبری روی، قمرالدین، محمد عرفان، محمد فضل، نہال احمد، نرسیا، محمد کریم اور دیگر شریک تھے۔