ممبئی ، 29 جون (یو این آئی) ممبئی میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر عائد پابندیوں کے تناظر میں متعدد مساجد نے اذان کی براہِ راست ترسیل کے لیے ایک مخصوص موبائل ایپ کا سہارا لیا ہے ۔ تمل ناڈو میں تیار کردہ ‘آن لائن اذان’ نامی یہ ایپ نہ صرف صارفین کو مقررہ اوقات میں اذان سننے کی سہولت دیتی ہے بلکہ انہیں نماز کے اوقات سے بھی بروقت مطلع کرتی ہے ۔ ماہم جمعہ مسجد کے منیجنگ ٹرسٹی فہد خلیل پٹھان کے مطابق، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پولیس کی سختی کے بعد مسجد نے ساؤنڈ سسٹم وقتی طور پر بند کر دیا تھا، جس کے بعد عبادت گزاروں کو اذان سے جوڑے رکھنے کے لیے ایپ کا استعمال شروع کیا گیا۔ ایپ اینڈرائیڈ اور آئی فون پر دستیاب ہے اور مسجد سے دی جانے والی اذان کو موبائل پر براہ راست نشر کرتی ہے ۔یہ اقدام بزرگوں اور ایسے نمازیوں کے لیے خاص طور پر کارگر ثابت ہوا ہے جو نزدیکی مسجد کی اذان نہ سن پاتے تھے ۔ ایپ، جو اسمارٹ واچ الرٹ کی طرح خودکار طور پر کام کرتی ہے ، نصب ہوتے ہی علاقے اور قریبی مسجد کے مطابق فعال ہو جاتی ہے ۔ صرف پچھلے تین روز میں ماہم کی جامع مسجد کے قریب رہنے والے 500 افراد نے اس پر رجسٹریشن کرایا ہے ، جب کہ ممبئی کی چھ مساجد پہلے ہی اس ایپ سے جڑ چکی ہیں۔ فہد پٹھان نے کہا کہ ہم نے ٹکراؤ کے بجائے جدت کو چنا تاکہ وفادار اذان سے جڑے رہیں۔