ٹورنٹو : 29اکٹوبر ( ایجنسیز ) کینیڈا میں ہندوستانی افراد پر مشتمل سرگرم گینگ لارنس بشنوئی نے رواں ہفتے کے آغاز میں 68 سالہ ہندو ستانی نژاد صنعتکار کو ان کے گھر کے باہر گولی مار کر قتل جبکہ ایک پنجابی گلوکار کے گھر پر فائرنگ کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ ہندوستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دونوں واقعات راجستھان میں پولیس کی جانب سے لارنس بشنوئی گینگ کے سرگرم رکن جگدیپ سنگھ عرف جگا کو امریکہ میں گرفتار کرنے کے ایک دن بعد پیش آئے ہیں۔لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے حملہ آوروں کو دونوں واقعات کے بعد ایک پارک شدہ کار سے باہر نکل کر اپنے اہداف کو نشانہ بنا کر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ہندو ستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ گینگ نے ہندوستانی نژادبزنس مین، درشن سنگھ سہاسی کے قتل کی ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ اِنہوں نے صنعتکار کو بھتہ نہ دینے پر نشانہ بنایا۔دوسری جانب گینگ نے کینیڈا میں ایک پنجابی گلوکار، چھنی نتن کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔
