لاری و ٹائرس کا سرقہ کرنے والی بین ریاستی ٹولی بے نقاب

   

4 افراد گرفتار ، ہریانہ کا ساکن سرغنہ بھی شامل ، مہیش بھاگوت کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : لاری اور ٹائروں کا سرقہ کرنے والی بین ریاستی لٹیروں کی ٹولی کو رچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کردیا اور چار افراد بشمول لوٹی کی اشیاء کے خریدار کو بھی گرفتار کرلیا ۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتائی ۔ جو آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ 27 سالہ جمشید خاں ساکن میوات ہریانہ 35 سالہ افروز علی خاں 42 سالہ سید باسط حسین ساکنان رین بازار یاقوت پورہ اور 38 سالہ کمل کابرا ساکن چوڑی بازار بیگم بازار کو گرفتار کرلیا ۔ سی سی ایس ایل بی نگر ، آئی ٹی سیل ایس او ٹی اور پہاڑی شریف پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اس ٹولی کے ارکان کو گرفتار کرلیا جب کہ راہول خاں اور آزاد مفرور ہیں ۔ 18 فروری کی رات ایک شکایت کے بعد پولیس حرکت میں آگئی تھی ۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے 152 ایم ار ایف ٹائر ایک کار ایک ایکٹیوا گاڑی 4 سیل فونس 20 ہزار روپئے نقد رقم کل 44,72,760 روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ اس ٹولی کے اصل سرغنہ جمشیدہ کو دہلی ایرپورٹ سے گرفتار کیا گیا جو واردات کی انجام دہی کے بعد بذریعہ فلائیٹ دہلی پہونچا تھا ۔ شمس آباد ایرپورٹ پہونچنے تک فلائیٹ دہلی کے لیے پرواز کرچکی تھی ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے فوری رابطہ کرتے ہوئے دہلی ایرپورٹ پر جمشید کو روک لیا ۔ انہوں نے جمشید کی گرفتاری میں تعاون کرنے پر دہلی ایرپورٹ پولیس کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جمشید نے اس طرح کی وارداتیں پہلے بھی انجام دی تھیں 192 ٹائروں سے لدا کنٹینر 17 فروری کے دن ٹاملناڈو کے پیرمبدور سے روانہ ہوا ۔ کنٹینر کچھ فاصلہ طئے کرنے کے بعد دو افراد لاری میں سوار ہوئے لاری ڈرائیور اور کلیر نے انہیں لاری کنٹینر میں سوار کرلیا چونکہ ان افراد کا تعلق ہریانہ سے ہے ۔ مقامی افراد ہونے کے سبب لاری ڈرائیور اور کلینر نے کوئی اعتراض نہیں کیا ۔ جیسے ہی لاری نلگنڈہ ضلع پہونچی ان دو افراد نے بندوق کی نوک پر لاری کو ایک گودام میں منتقل کردیا اور ٹائروں کو گودام میں ان لوڈ کیا گیا جس کے بعد ڈرائیور اور کلینر کو شدید زد و کوب کرنے کے بعد انہیں پہاڑی شریف حدود میں چھوڑ دیا ۔ شکایت کے فوری بعد پولیس کی خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیتے ہوئے نشاندہی کرلی گئی ۔ اور دہلی ایرپورٹ کے لیے اسپیشل ٹیم روانہ کی گئی ۔ جمشید خاں کی گرفتاری کے بعد اس کی اطلاع پر کیس حل کرلیا گیا ۔ جمشید کے قبضہ سے پولیس نے ایک کارتوس کو برآمد کیا ۔ جمشید نے فروری سے قبل بندوق کو راہل خاں کے حوالے کیا تھا ۔ پولیس راہول خاں اور آزاد کو تلاش کررہی ہے ۔ کمشنر پولیس نے اس کیس کی یکسوئی میں شامل پولیس عہدیداروں اور ٹیموں کی خدمات کی ستائش کی ۔۔ ع