لارینس بشنوئی گینگ نے بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری قبول کی

,

   

جو کوئی سلمان خان کی مدد کریگا ’’ حساب ۔ کتاب کرلے ‘‘ ۔ سوشیل میڈیا پر انتباہ ۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کی تحقیقات کا آغاز

ممبئی : مہاراشٹرا کے سابق وزیر و این سی پی ( اجیت پوار) لیڈر بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری لارینس بشنوئی گینگ نے قبول کرلی ہے ۔ 66 سالہ این سی پی لیڈر پر ان کے رکن اسمبلی فرزند بابا صدیقی کے دفتر کے باہر باندرہ ایسٹ میں کل رات گولی چلائی گئی تھی اور وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے تھے ۔ پولیس کے بموجب اس قتل میں تین شوٹرس ملوث ہیں۔ ان میں دو شوٹرس گرمیل بلجیت سنگھ ( ہریانہ ) اور دھرم راج کشیپ اترپردیش کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ تیسرا فرار ہے جس کی شناخت شیو کمار گوتم کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ چوتھا فرد جو ان تمام کو ہینڈل کر رہا تھا وہ بھی فرار بتایا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ قتل کی اس سنگین واردات کے بعد بدنام زمانہ بشنوئی گینگ نے اس کی ذمہ داری قبول کرلی ہے اور اس سلسلہ میں سوشیل میڈیا پر ایک پوسٹ بھی کیا ہے ۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسیاں اس پوسٹ کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ سمجھا جا رہا ہے کہ شوبھو لونکر کے فیس بک اکاؤنٹ سے یہ پوسٹ کیا گیا ہے ۔ اس گینگ نے نہ صرف بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے بلکہ یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ جو کوئی اداکار سلمان خان کی مدد کرے گا اس سے بھی نمٹا جائیگا ۔ سلمان خان کے گھر کے باہر پہلے ہی اس گینگ نے فائرنگ کی تھی ۔ کل رات بابا صدیقی کے قتل کے فوری بعد سے یہ قیاس آرائیاں چل رہی تھیں کہ اس واردات کے پیچھے بشنوئی گینگ کا ہاتھ ہوسکتا ہے ۔ آج ایک فیس بک پوسٹ میں یہ دعوی کیا گیا کہ بابا صدیقی کا قتل اس لئے کیا گیا کیونکہ وہ داؤد ابراہیم سے تعلق رکھتے تھے اور وہ سلمان خان سے قربت بھی رکھتے تھے ۔ کہا گیا ہے کہ سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے سلسلہ میں گرفتار انوج تھاپن کی موت کا بھی اس قتل کے ذریعہ بدلہ لیا گیا ہے ۔ تھاپن ممبئی کرائم برانچ کے لاک اپ میں یکم مئی کو مردہ پایا گیا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ اس نے خودکشی کی تھی جبکہ افراد خاندان کا دعوی تھا کہ اسے تحویل میں ہراساں کیا گیا ۔ سوشیل میڈیا پوسٹ میں بشنوئی گینگ نے کہا کہ ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ہے لیکن جو کوئی سلمان خان کی مدد کرے گا یا داؤد گینگ کی مدد کریگا وہ سب اپنا ’’ حساب ۔ کتاب کرلینا ‘‘ ۔ پولیس نے کہا کہ وہ اس پوسٹ کا جائزہ لے رہی ہے ۔ بابا صدیقی نہ صرف سیاسی حلقوں میں بلکہ بالی ووڈ حلقوں میں بھی کافی مقبولیت رکھتے تھے ۔ وہ بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان سے بہت قریب تھے ۔ سلمان خان اور شاہ رخ خان کی صلح صفائی بھی بابا صدیقی نے کروائی تھی ۔ کل رات بابا صدیقی کے قتل کے بعد کئی فلمی اور دوسری جانی مانی شخصیتیں لیلاوتی ہاسپٹل پہونچی تھیں۔ اداکار سلمان خان کے علاوہ سنجے دت ‘ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا بھی ہاسپٹل پہونچے تھے ۔اس واردات پر سلمان خان انتہائی برہم اور غمزدہ بھی دکھائی دے رہے تھے ۔ دیگر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتیں بھی ہاسپٹل پہونچی تھیں ۔