12 ہزار مردوں نے لاڈلی بہن بن کر اٹھایا فائدہ
ناگپور، 12 دسمبر (یو این آئی) مہاراشٹرا کی خواتین و اطفال کی ترقی کی وزیر ادیتی ٹٹکرے نے جمعہ کو ریاستی اسمبلی میں انکشاف کیا کہ لاڈلی بہن اسکیم کے تحت 165 کروڑ روپے کا بڑا گھوٹالہ سامنے آیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حیران کن طور پر 12,431 مردوں نے خود کو لاڈلی بہن ظاہر کرتے ہوئے اس سرکاری اسکیم کا غلط فائدہ اٹھایا، جب کہ 77 ہزار نااہل خواتین نے بھی جعلی دستاویزات کے ذریعے رقم حاصل کی۔ وزیر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ جانچ میں سامنے آیا ہے کہ مرد فائدہ اٹھانے والوں نے تقریباً 25 کروڑ روپے کا غبن کیا، جب کہ نااہل خواتین نے بھی 25 کروڑ روپے حاصل کیے ۔ مزید برآں، یہ بھی سامنے آیا کہ 9,526 سرکاری خواتین ملازمین نے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسکیم سے فائدہ اُٹھایا، جس سے مجموعی رقم 140 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔