لاک ڈاؤن میں توسیع پر بعض ریاستوں کا علحدہ اعلان

   

چندی گڑھ ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مرکزی وزارت داخلہ نے ملک گیر لاک ڈاؤن میں توسیع کے تعلق سے ہفتہ کو نئی دہلی میں اعلان کرتے ہوئے اسے 30 جون تک توسیع دے دی ۔ ملک کی بیشتر ریاستیں مرکز کے احکام کی منتظر رہیں لیکن چند دیگر نے مرکزی اعلان سے قبل اور بعد اپنے طور پر علحدہ اعلانات کیے ۔ پنجاب کی طرف سے چیف منسٹر امریندر سنگھ نے کورونا وائرس لاک ڈاون میں 30 جون تک توسیع کا اعلان کیا جو مرکزی توسیع کے مساوی ہے ۔ تاہم بی جے پی حکمرانی والی ریاست مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ نے بالکلیہ مختلف اعلان میں لاک ڈاؤن کو 15 جون تک آگے بڑھایا ۔ انہوں نے 10 اضلاع کے اسٹوڈنٹس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران یہ اعلان کیا ۔ اُدھر مغربی بنگال میں بھی ریاستی حکومت نے جاریہ لاک ڈاؤن کو 15 جون تک توسیع دی ۔ ممتا بنرجی کی حکومت نے یکم جون سے ٹی وی ، سنیما پروڈکشن کی اجازت دے دی ہے ۔۔