حیدرآباد ۔ /15 اپریل (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف روزانہ حیدرآباد ٹریفک پولیس بڑے پیمانے پر کارروائی کررہی ہے ۔ /15 اپریل شام 7 بجے تک پولیس نے دونوں شہروں میں 2379 موٹر سائیکلیں ضبط کی ہیں ۔ جبکہ 188 آٹوز اور 178 کاروں کو بھی ضبط کیا گیا ہے ۔ بغیر دستاویزات کے گاڑی چلانے والوں کیخلاف 1311 ، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کیخلاف 1359 ، ٹریپل رائیڈنگ 24 اور کم عمر نوجوانوں کی ڈرائیونگ کے 5 مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر انیل کمار نے کہا کہ /15 اپریل کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی اور موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت جملہ 14370 مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ بلاوجہ اپنے مکانات سے باہر نہ نکلیں اور سڑکوں پر گاڑی چلاتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی نہ کریں ۔
