لاک ڈاؤن کے دوران اقلیتی کمیشن کو متعدد نمائندگیاں

   

حکومت کو عنقریب رپورٹ کی پیشکشی، کمیشن کا اجلاس
حیدرآباد۔/30 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدر نشین محمد قمر الدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ نائب صدر نشین بی شنکر لوکے اور ارکان جی نوریا، محمد ارشد علی خاں، ڈاکٹر ودیا شراونتی، بی کٹیا، ایم اے عظیم، سردار سریندر سنگھ کے علاوہ عہدیداروں نے شرکت کی۔ صدرنشین نے لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران کمیشن کو موصولہ درخواستوں اور ان پر کی گئی کارروائی کی تفصیلات ارکان کو پیش کرنے کی ہدایت دی۔ سکریٹری کمیشن نے بتایا کہ 35 درخواستیں لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران وصول ہوئی ہیں اور ہر رکن کو 5 درخواستیں جانچ کیلئے دی گئیں۔ صدرنشین نے ارکان سے اپیل کی کہ وہ ان درخواستوں کی جانچ کرتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کریں۔ اجلاس میں ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے حکومت کو سال 2019-20 کی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اقلیتوں کی ترقی سے متعلق حکومت کو جامع منصوبہ پیش کیا جائے گا۔ صدر نشین کمیشن محمد قمر الدین نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی مدت میں جو بھی درخواستیں موصول ہوئی ہیں انہیں کارروائی کیلئے متعلقہ محکمہ جات سے رجوع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مفادات کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کمیشن کی نمایاں خدمات کی حکومت کی جانب سے ستائش کی گئی ہے۔