نامور فلم اسٹارس و فلمسازوں نے بے بس مزدوروں پر لاٹھی چارج کی مذمت کی
بے گھر، بے روزگار افراد کو ان کے مکانات تک پہنچانے میں مدد کی اپیل
ممبئی ۔27 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) نامور بالی ووڈ اداکار اور فلمسازوں نے کورونا وائرس وباء کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران پولیس کے ظلم اور زیادتیوں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ملک بھر میں 21 دنوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس دوران سوشیل میڈیا پر ایسے کئی ویڈیوز وائرل ہوئے ہیں جن میں دکھایا گیا ہے کہ مختلف مقامات پر پولیس عوام پر انتہائی بے رحمی سے لاٹھی چارج کررہی ہے ۔ سبزی فروخت کرنے والوں اور نقل مکانی کرنے والے ان ورکرس کوتک نہیں بخشا جارہا ہے جو مشکل حالات کا شکار ہوکر شہروں سے اپنے آبائی مقامات کو پیدل ہی روانہ ہورہے ہیں اور بھوک اور پیاس کے مارے سڑکوں پر بیٹھ جارہے ہیں۔ ایسا ہی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے فلمساز انوراگ کیشپ نے اپنے ٹوئیٹ میں اس کو دہشت ناک قرار دیا۔ رائٹر و کامیڈین ورون گروور نے بھی ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ کیا کوئی ورکر اپنے گاؤں جانے کیلئے 300 کیلومیٹر ننگے پیر بھی نہیں چل سکتا ، کیا حکومت ان ورکرس کو شہروں میں بھوکے مرنے کے لئے چھوڑدینا چاہتی ہے ۔ یہاں تک کہ وہ اس وائرس کے بارے میں ٹھیک سے جانتے تک نہیں ہیں۔ ڈائرکٹر سنجے گپتا نے بھی شدید برہمی کا اظہار کیا اور اپنے ٹوئیٹ میں فوری لاٹھی چارج بند کرنے پر زور دیا ہے ۔ فلم ’’تھپڑ‘‘ کے ڈائرکٹر انبھوسنہا نے دو پولیس ملازمین کی جانب سے ایک موٹر سیکل سوار کو مارنے کا ویڈیو شیئر کیا ہے جو ضروری اشیاء کی سربراہی کا باسکٹ لے جارہا تھا ۔ انھوں نے سوال کیا کہ اس طرح کسی کو مارپیٹ کرنا قانوناً درست ہے ؟ فلمسٹار رچا چڈھا نے لکھا ہے کہ اس کے پیچھے کیا منطق ہے وائرس سے بچانے کیلئے مرنے تک اس کے ساتھ مارپیٹ کی جائے؟ اسی دوران فلمساز شیکھر کپور نے بھی ملک میں ایسے واقعات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہزاروں نقل مکانی کرنے والے ورکرس کو دیکھ کر کلیجہ منہ کو آتا ہے جو اپنے مکانات کو واپس ہونے کے لئے سخت جدوجہد کررہے ہیں ۔ ملک میں کورونا وائرس کی وباء پر قابو کی جدوجہد کے دوران ایسے تشدد کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ ہزاروں بیروزگار ، بے گھر ، بھوکے نقل مکانی کرنے والے ورکرس آبائی مقامات کو واپس ہونے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو ٹیاگنگ کرتے ہوئے فلم اسٹار سونو سود نے مزدوروں کو ان کے مکانات پہنچانے میں ان کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ بیشتر مزدوروں کا تعلق اُترپردیش اور بہار سے ہے ، اُنھیں ٹھہرنے کیلئے مقام کی ضرورت ہے جو اپنے خاندان والوں سے ملنے کے لئے جانا چاہتے ہیں اس کیلئے کوئی مناسب راستہ نکالنے کی اروند کجریوال سے درخواست کی گئی ۔