لاک ڈاؤن کے پانچویں مرحلہ پر عوام میں تجسس برقرار

   

Ferty9 Clinic

مرکزی اور ریاستی حکومت کے فیصلہ کا انتظار، تلنگانہ میں مزید رعایتوں کا امکان،آج یا کل اعلان متوقع
حیدرآباد ۔29۔ مئی(سیاست نیوز) مرکز اور ریاستی حکومت نے کورونا لاک ڈاؤن کے پانچویں مرحلہ کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ تلنگانہ میں لاک ڈاؤن میں اگرچہ بڑے پیمانہ پر رعایتیں دی گئی ہیں۔ تاہم رات کا کرفیو برقرار ہے۔ حکومت کے اعلان کے مطابق 31 مئی تک موجودہ لاک ڈاؤن برقرار رہے گا ۔ عوام کو لاک ڈؤن کی برقراری کے سلسلہ میں تشویش لاحق ہے اور انہیں مرکز اور ریاست کے فیصلہ کا انتظار ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ میں وائرس کے کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے موجودہ صورتحال کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں توقع ہے کہ سرکاری طور پر اعلان ہفتہ یا اتوار کو کیا جائے گا۔ چیف منسٹر آج ضلع میدک کے دورہ کے پیش نظر مصروف رہے ، لہذا لاک ڈاؤن کے مسئلہ پر جائزہ اجلاس منعقد نہیں کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کورونا کیسیس میں اضافہ کے باوجود لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں سختی کے حق میں نہیں ہے ۔ وہ موجودہ صورتحال کو جاری رکھتے ہوئے رات کا کرفیو برقرار رکھنے فیصلہ کرسکتے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا جائزہ لینے کیلئے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کی جانب سے سروے کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ حیدرآباد کے 5 کنٹینمنٹ مونس میں گزشتہ دو دنوں سے انڈین کونسل آف میڈیکل ٹیم سروے کا کام انجام دے رہی ہے۔ شہر علاقوں بالاپور ، میاں پور چندا نگر ، ٹپہ چبوترا میں سروے کا کام مکمل کیا گیا ۔

خصوصی ٹیموں کے ذریعہ یہ سروے کیا جارہا ہے جس میں اس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آیا کورونا کا پھیلاؤ کمیونٹی ٹرانسمیشن تو نہیں ہے؟ کنٹینمنٹ زونس میں کورونا کے کیسیس مریضوں کی موجودہ صورتحال اور اطراف و اکناف کے مکانات میں رہنے والوں پر اثرات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ سروے کی رپورٹ کی بنیاد پر حکومت لاک ڈاؤن کے پانچویں مرحلہ کے بارے میں فیصلہ کرسکتی ہے۔ مرکزی ادارہ نے تاحال تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں سرویس کا کام انجام دیا۔ سروے رپورٹ مرکز اور ریاستی حکومتوں کو پیش کی جائے۔ لاک ڈاؤن کے پانچویں مرحلہ سے متعلق حکومت کے فیصلہ پر عوام میں تجسس پایا جاتا ہے ۔ چوتھے مرحلہ کے اختتام پر حکومت نے تجارتی اداروں اور دکانات کے لئے بڑی رعایتوں کا اعلان کیا ۔ ہوٹلوں ، مالس ، بارس ، پپس، کلبس ، سینما ہالس اور پارکس کو کھولنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ اس کے علاوہ عبادت گاہیں بھی بند ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ پانچویں مرحلہ میں تلنگانہ حکومت سماجی فاصلہ اور دیگر شرائط کے ساتھ عبادت گاہوں، ہوٹلس ، مالس اور سینما ہالس کو کھولنے کی اجازت دے سکتی ہے۔