لاک ڈاون ختم ۔ ساری احتیاط ختم – رات دیر گئے تک تقاریب و تجارت بحال

   

بعض ہوٹل مالکین رات 2بجے تک کاروبار کی اجازت کے حامی
حیدرآباد۔شہر میں لاک ڈاؤن کی برخواستگی کے ساتھ ہی راتوں کی سرگرمیوں میں دوبارہ اضافہ ہوگیا ہے اور بیشتر شادی خانوں میں رات دیر گئے تک تقاریب کا اہتمام شروع ہوچکا ہے۔ حکومت کی جانب سے 20 جون کو لاک ڈاؤن برخواست کئے جانے کے اندرون 3 یوم رات دیر گئے تک تجارتی سرگرمیوں اور شادی خانوں میں تقاریب کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ لاک ڈاؤن میں محدود تعداد میں مہمانوں کے ساتھ دوپہر کی تقاریب منعقد کی جا رہی تھیں اب انہیں رات کی دعوتوں میں بدلا گیا ہے اور حکومت کی جانب سے تقاریب میں تعداد کی حد کو بھی برخواست کردیئے جانے کے بعد مہمانوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ رات دیر گئے ریستوراں اور ہوٹلوں کی خدمات بحال ہوچکی ہیں لیکن ہوٹل مالکین کا کہناہے کہ اب جبکہ حکومت لاک ڈاؤن کو برخواست کردیا گیا تو ریستوراں کو رات 12 بجے بند کرنے کے معاملہ میں بھی رعایت دے کر رات 2 بجے تک کے کاروبار کی اجازت دی جانی چاہئے تاکہ معاشی سرگرمیوں کی بحالی ہوسکے اور رات دیر گئے کاروبار حکومت کے مقصد میں کردار ادا کرسکیں۔ شادی خانوںکے مالکین کا کہناہے کہ دوپہر کی شادیوں سے وہ خوش تھے کیونکہ دوپہر میں معینہ مدت کے دوران ہی شادی یا کوئی اور تقریب مکمل کی جارہی تھی لیکن اب دوبارہ رات دیر گئے تک شادی خانہ کے ملازمین اور عملہ کو موجود رہنا پڑرہا ہے۔