حیدرآباد 30 مئی ( پی ٹی آئی ) مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ جی کشن ریڈی نے آج کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ کورونا کی ویکسین دریافت ہونے تک لاک ڈاون کے جذبہ کو برقرار رکھیں۔ اسی طرح کورونا کے پھیلاو کو روکا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاون کو برخواست کیا جائے یا برقرار رکھا جائے عوام کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ وہ لاک ڈاون کے جذبہ کو برقرار رکھیں۔ یہ جذبہ اس وقت تک برقرا ررکھا جانا چاہئے جب تک ہم اس وائرس کی دوا دریافت نہیں کرلیتے ۔ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ ویکسین کی دریافت تک چھ ماہ سے ایک سال کا وقت بھی لگ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو رضاکارانہ طور پر لاک ڈاون کے جذبہ کو برقرا رکھنا چاہئے اور اپنے گاووں اور ٹاونس کے علاوہ اپنے گھروں کو بھی محفوظ رکھنا چاہئے ۔ کشن ریڈی نے اس موقع پر نریندر مودی حکومت کی کامیابیوں کا تذکرہ بھی کیا ۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاون کو 30 جون تک توسیع دیدی گئی ہے اور کچھ راحت کا اعلان کیا گیا ہے ۔