لاک ڈاون کے سبب 7 ویں جمعہ کو بھی کوئی اجتماع نہیں ہوا

,

   

رمضان المبارک کا دوسرا جمعہ کسی اہتمام کے بغیر گذر گیا ۔ گھروں میں نماز ظہر کی ادائیگی
حیدرآباد8مئی(سیاست نیوز)لاک ڈاؤن کے سبب ریاست بالخصوص شہر کی مساجد میں 7ویں جمعہ کو نماز کے موقع پر اجتماع نہیں ہوا اور ماہ رمضان المبارک کا دوسرا جمعہ بھی بغیر کسی اہتمام کے گذر گیا۔ ملک میں کورونا لاک ڈاؤن کے بعد سے اب تک جملہ 7 جمعے گذر چکے ہیں جن میں مساجد میں باضابطہ جمعہ کی نماز کا اہتمام نہیں کیا گیا بلکہ محدود تعداد میں نماز جمعہ ادا کی گئی اور شہریوں کو گھرو ںمیں نماز ظہر ادا کرنے کی تلقین کی گئی ۔ شہر کی مساجد میں 22مارچ کے بعد سے کوئی اجتماع نہیں کیا جا رہاہے اور اس سلسلہ میں علماء کی رائے اور احکام کے بعد ہی مساجد میں محدود تعداد میں نماز کی اجازت دی گئی ہے اور جمعہ کے موقع پر بھی عوام سے خواہش کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں نماز ظہر ادا کریں اور مساجد میں جمعہ کے موقع پر محدود تعداد میں نماز جمعہ کا سلسلہ جاری ہے۔لاک ڈاؤن کے بعد سے اب تک 7 جمعے گذر چکے ہیں اور ان کے دوران تلنگانہ اور ملک کی دیگر ریاستوں میں کسی بھی مسجد میں نماز جمعہ کیلئے عام اجتماع نہیں کیا جا رہاہے ۔ماہ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی شہر کی مساجد کی رونقوں میں اضافہ ہوا کرتا تھا اور ماہ رمضان المبارک کے دوران جمعہ کے مناظر بھی عجیب دلکش ہوا کرتے تھے کیونکہ نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے لوگ قبل از وقت جوق در جوق مساجد کی رخ کیا کرتے تھے اور صف اول کے مصلی بنے رہنے کی کوشش کیا کرتے تھے لیکن 2020 کے اس رمضان المبار ک کے دوران ایسی کوئی سرگرمیاں نظر نہیں آرہی ہیں اور نہ ہی عوام میں وہ جوش و خروش باقی نظر آرہا ہے کیونکہ لاک ڈاؤن کے سبب عوام میں بھی مایوسی کا احساس پیدا ہوتا جا رہا ہے۔عام طور پر رمضان کے دوران مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد جلسۂ یوم القرآن اور تذکرۂ قرآن منعقد کئے جاتے تھے ۔

اسی طرح ماہ رمضان کے دوسرے عشرہ میں معرکۂ بدر اور تذکرۂ اصحاب البدر کے جلسے منعقد ہوا کرتے تھے۔لاک ڈاؤن کے دوران اب تک 7 جمعہ گذر چکے ہیں اور ان 7جمعہ کے دوران حکومت کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کے باعث نماز پنجگانہ اور نماز جمعہ کے موقع پر مساجد میں حدود تعداد میں مصلی نماز ادا کر رہے ہیں اور شہر کی کئی مساجد جو تجارتی علاقوں میں واقع ہیں ان مساجد کو مقفل رکھا گیا ہے ۔علماء اکرام کی جانب سے عامۃ المسلمین کو نمازجمعہ کی جگہ گھروں میں ظہر کی نماز ادا کرنے کی تاکید کئے جانے کے علاوہ نماز پنجگانہ کیلئے بھی مساجد کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کے سبب ماہ رمضان المبارک میں شہری اپنے گھرو ںمیں نمازوں اور تلاوت قرآن کا اہتمام کر رہیںہے۔