لاک ڈاؤن سے متاثرہ غیر مقامی ورکرس کو روزگار کی فراہمی

   

ریاستی وزیر دیاکر راؤ کی عہدیداروں کو ہدایت، سکندرآباد کنٹونمنٹ میں اناج کی تقسیم

حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں روزگار سے محروم غیر مقامی ورکرس اور لیبرس کے تحفظ پر حکومت نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ ریاست کے اُن تمام علاقوں میں جہاں کہیں غیر مقامی ورکرس ہیں اُنھیں نہ صرف اناج اور امدادی رقم فراہم کی جارہی ہے تو دوسری طرف دیہی علاقوں میں ضمانت روزگار اسکیم کے تحت اُنھیں ترقیاتی کاموں میں مشغول کیا جائے گا۔ ایس سی، ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے سکندرآباد کنٹونمنٹ کے سنجیویا نگر کا دورہ کرتے ہوئے غیر مقامی ورکرس کے افراد خاندان سے ملاقات کی۔ اُنھوں نے حکومت کی اناپورنا اسکیم کے تحت غذا کی فراہمی کے علاوہ 12 کیلو چاول اور 500 روپئے کی ادائیگی کا انتظام کرایا۔ صدرنشین ایس سی، ایس ٹی کمیشن نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ حکومت کے فیصلہ کے مطابق غیر مقامی ورکرس کے لئے تمام تر سہولتوں کا انتظام کریں۔ سنجیویا نگر میں 300 سے زائد خاندان بستے ہیں جن کا تعلق پڑوسی ریاستوں سے ہے۔ اِس موقع پر آر ڈی او وسنت کمار، ایم آر او سنیل کمار، مارکٹ کمیٹی چیرمین ٹی ایس سرینواس، کنٹونمنٹ بورڈ کے صدر رام کرشنا اور بورڈ کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ایس سی، ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین نے ورنگل میں غیر مقامی ورکرس جن کا تعلق ایس سی ایس ٹی طبقہ سے ہے اُنھیں ضمانت روزگار اسکیم کے تحت کام دینے کے لئے وزیر ای دیاکر راؤ سے ربط قائم کیا۔ ریاستی وزیر نے ورکرس کو نئے جاب کارڈ فراہم کرنے اور پرانے کارڈ رینیول کرنے کا تیقن دیا۔ اِس سلسلہ میں ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔