لاہور۔14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کئی روز سے پرستاروں کو کورونا وائرس سے بچاوکے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دینے والے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر لاک ڈاون کے دوران اسلام آباد کی سڑک پر سائیکل چلانے کے سبب تنقید کا نشانہ بن گئے۔شعیب اختر کا سڑکوں پر یہ سیر سپاٹا بیشتر صارفین کو پسند نہیں آیا اور انہوں نے کہا کہ آپ پرستاروں کے لیے رول ماڈل ہیں، دنیا بھر میں عوام کو گھروں کے اندر محدود رہنے کا مشورہ دیا جارہا ہے جب کہ آپ خود سڑک پر نکلے ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاون کے دوران سڑک پر سائیکل چلانے والے 44 سالہ شعیب نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شائع کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے خوبصورت شہر اسلام آباد میں سائیکلنگ، خالی سڑکیں، بہترین ورزش۔یاد رہے کہ پاکستان میںکورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے اور روزانہ متعدد معاملے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔