لبنان: فلسطینی مہاجرکیمپ میں جھڑپیں،6افراد ہلاک

   

فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ لبنان کے جنوب میں ساحلی شہر صیدا کے قریب واقع عین الحلوہ کیمپ میں تازہ ہلاکتوں کے بعد گزشتہ جمعرات سے جاری لڑائی میں مرنے والوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے،ان کے علاوہ 150 افراد زخمی ہوئے ہیں۔دریں اثناء الفتح کے سینیر رہ نما عزام الاحمد اور حماس کے موسیٰ ابو مرزوق سمیت سینیر فلسطینی عہدے داروں نے منگل کی رات بیروت میں فلسطینی سفارت خانے میں ملاقات کی تھی۔دونوں جماعتوں کے ایک مشترکہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ انھوں نے عین الحلوہ کیمپ میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے کے لیے اپنے مکمل عزم کا اظہار کیا تھا لیکن گزشتہ روز یہ جنگ بندی ختم ہو گئی اور رات کے وقت متحارب گروپوں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کے بعد کیمپ کی طرف صیدا سے جانے والی مرکزی شاہراہ کو بند کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ لبنان میں قائم 12 فلسطینی کیمپوں میں تقریباً چار لاکھ پناہ گزین رہ رہے ہیں جو اسرائیل اور اس کے عرب ہمسایہ ممالک کے درمیان 1948 کی جنگ کے بعد بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی آل اولاد ہیں، عین الحلوہ ان میں سب سے بڑا مہاجر کیمپ ہے اور یہاں قریباً 50 ہزار افراد مقیم ہیں۔اس کا کنٹرول فتح کے پاس ہے۔