لبنانی مظاہرین پر فائرنگ میں کم از کم 4ہلاکتیں

   

بیروت :لبنان کی حزب اللہ اور امل نامی شیعہ سیاسی جماعتوں نے کہا ہے کہ دارالحکومت بیروت میں مسلح گروپوں نے کئی مظاہرین پر فائرنگ کی۔ آج جمعرات کے روز ہونے والے مظاہروں کے دوران یہ فائرنگ بظاہر مختلف عمارات کی چھتوں سے کی گئی۔ حزب اللہ اور امل تحریک نے کہا ہے کہ مظاہرین کو براہ راست نشانہ بنا کر کی گئی اس فائرنگ کا مقصد ملک میں بدامنی کو ہوا دینا ہے۔ ان سیاسی جماعتوں نے ایک بیان میں ملکی فوج سے مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرے۔ لبنانی فوج کے ذرائع کے مطابق اس فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔