اُردو زبان پر عبور حاصل تھا، محمود علی اور ریونت ریڈی کے تعزیتی پیام
حیدرآباد۔/6 فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پلے بیک سنگر اور بھارت رتن لتا منگیشکر کو خراج عقیدت پیش کیا اور دیہانت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ لتا منگیشکر نے پلے بیک گلوکاری کے میدان میں گزشتہ 8 دہوں کے دوران ایک مستقل چھاپ چھوڑی ہے۔ ان کی موت سے ملک میں موسیقی کی دنیا میں جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ کبھی پُر نہیں ہوسکتا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ لتا منگیشکر کی گائیکی بھگوان کی جانب سے ہندوستانی موسیقی کو عطا کردہ ایک بیش قیمت تحفہ ہے۔ان کے دیہانت کے سبب نغموں نے اپنی آواز گنوادی ہے اور موسیقی محل خالی ہوگیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ لتا جی جنہوں نے 20 مختلف زبانوں میں 1000 فلموں میں زائد از 50 ہزار نغموں کو اپنی آواز دی ہے واقعتاً ماں سرسوتی کا سُر تھیں۔ بطور پلے بیک سنگر لتا جی نے اداکاروں کے تاثرات کے عین مطابق گانا ریکارڈ کرایا۔ فلم پروڈیوسرس پہلے لتا جی سے وقت لیتے اور پھر اداکاروںکی تاریخوں کو قطعیت دیتے تھے جس سے ان کی مانگ کا اندازہ ہوتا ہے۔ شمالی اور جنوبی فلمی موسیقی کے درمیان وہ ایک پُل کی طرح تھیں۔ لتا منگیشکر نے کلاسیکی موسیقی کی تربیت استاد امانت علی خان سے حاصل کی تھی۔ انہیں اُردو زبان پر عبور حاصل تھا جس کی وجہ سے وہ اُردو غزلوںکو کسی نقص کے بغیر اور روانی کے ساتھ پیش کرتی تھیں۔ قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز کو لتا جی نے عزت بخشی۔ مستقبل میں کئی گلوکار آئیں گے لیکن کوئی بھی لتا جی کی جگہ نہیں لے پائے گا۔ کے سی آر نے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے بھی لتا منگیشکر کو خراج پیش کیا۔ر
لتامنگیشکر کے لامحدود گیتوں کے سفر میں تلگو گیت بھی شامل
حیدرآباد 6 فروری ( یو این آئی) سرکردہ گلوکارہ لتامنگیشکر جو آج چل بسیں، کے لامحدود فلمی گیتوں کے سفر میں تلگو کے گیت بھی شامل ہیں۔انہوں نے اپنا پہلا تلگوگیت 1955میں گایا تھااور فلم تھی سنتانم۔اس گیت کو ایس دکشنامورتی نے کمپوز کیاتھا اور گھنٹاسالہ ان کے معاون گلوکار تھے ۔اسی طرح لتامنگیشکر نے 1988میں تلگو فلم آخری پورٹم کیلئے بھی اپنی آواز دی تھی۔انہوں نے ایس پی بالاسبرامنیم،الئی راجہ کے ساتھ اس فلم کا ایک گیت گایا تھا۔لتامنگیشکر نے اداکارہ سری دیوی کیلئے بھی بالاسبرامنیم کے ساتھ تلگو گیت گایا تھا۔