لداخ میں ہندوستانی فوج کی تیاریاں ، بھاری اسلحہ جمع

,

   

سرحد پر بکتربند گاڑیاں ، ایندھن ، غذا اور ضروری اشیاء کی سربراہی ، فوج کی مورچہ بندی
نئی دہلی : ہندوستانی فوجی نے مشرقی لداخ کے پہاڑی علاقوں میں بکتر بند گاڑیاں بھاری اسلحہ ، گولہ بارود ، ایندھن ، غذا اور سرما میں استعمال ہونے والی ضروری اشیاء کو جمع کرنا شروع کردیا ہے ۔ کئی دہوں بعد فوج کی سب سے بڑی حکمت عملی پر مبنی کارروائی ہے ۔ فوج کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ شدید سرما کے موسم میں جنگ کی صورت میں خود کو تیار رکھیں ۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ایم ایم نروانے کے حوالے سے بتایا گیا کہ اعلیٰ کمانڈرس کے گروپ نے اسلحہ و گولہ بارود کی تعیناتی کا شخصی طور پر جائزہ لیا ہے ۔ اس علاقہ میں وسط جولائی سے ہی فوجی تیاریاں جاری تھیں ۔ اب یہاں پر غیرمعمولی طور پر T-90 اور T-72 بکتر بند گاڑیاں ، آرٹیلری گنس ، انفینٹری کمباٹ وہیکلس کو لداخ کے حساس علاقوں میں بھیجا گیا ہے ۔ اس آپریشن کے تحت کپڑے ، خیمے ، غذائی اشیاء ، کمیونیکیشن ایکوپمنٹس ، ایندھن ، ہٹرس اور دیگر اشیاء کو سربراہ کیا گیا ہے ۔ 16 ہزار فٹ اونچائی پر ان اشیاء کو پہونچایا گیا ہے ۔ اب تک کی یہ سب سے بڑی جنگ کی تیاری ہے۔ مابعد آزادی لداخ میں اس طرح کی تیاری نہیں کی گئی تھی ۔ چین کے کسی بھی ناعاقبت اندیشانہ کارروائیوں کا جواب دینے کیلئے مشرقی لداخ میں 3 زائد آرمی ڈیویژنس کو تعینات کیا گیا ہے ۔ جہاں کا درجہ حرارت اکٹوبر اور جنوری کے درمیان منفی 5 سے لیکر 25 ڈگری تک رہتا ہے ۔