لاہور ؍ نئی دہلی : ممبئی حملے کے ملزم اور لشکرطیبہ کے آپریشنس کمانڈر ذکی الرحمن لکھوی کو پاکستانی انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے دہشت گردی سے متعلق فینانسنگ کیس میں جمعہ کو 15 سال کی سزائے قید سنائی۔ اسلام آباد حکومت پر بین الاقوامی دباؤ بڑھتا جارہا تھا کہ ملک میں آزادی سے گھوم رہے دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ 61 سالہ لکھوی جسے اقوام متحدہ نے نامزد دہشت گرد قرار دے رکھا ہے اور جو ممبئی حملہ کیس میں 2015ء سے ضمانت پر تھا، اسے صوبہ پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے ہفتہ کو گرفتار کیا تھا۔ آج عدالت نے لکھوی کو محکمہ کے دائر کردہ کیس میں مجرم پایا اور قانون انسداد دہشت گردی 1997ء کے مختلف دفعات کے تحت اسے 15 سال جیل کی سزاء سنائی۔
ظاہری اقدامات پاکستان کا معمول : ہندوستان
اس دوران ہندوستان نے لشکرطیبہ کمانڈر ذکی الرحمن لکھوی کو ٹیرر فینانسنگ کے الزامات پر 15 سال کی سزائے قید پر کہا کہ یہ پاکستان کا معمول ہیکہ اہم بین الاقوامی اجلاسوں سے قبل وہ ایسے مذاقیہ کارروائیاں کرتا ہے۔ وزارت امور خارجہ کے ترجمان انوراگ سریواستو نے کہا کہ عنقریب اہم بین الاقوامی اجلاس ہونے والے ہیں۔ ماضی میں مسعود اظہر کے خلاف بھی ظاہر طور پر کارروائی کی گئی تھی۔