لمحہ آخر میں اہم فیصلے کرنے کیخلاف عہدیداروں کو کانگریس کا انتباہ

   

پرگتی بھون سے 2000 کروڑ کی فارم ہاؤز منتقلی، بھٹی وکرمارکا اور مدھو یاشکی گوڑ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔یکم۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کو انتباہ دیا ہے کہ وہ کے سی آر حکومت کے دباؤ میں کوئی غلط فیصلے نہ کریں جس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ محکمہ فینانس سے کنٹراکٹرس کو سینکڑوں کروڑ کی اجرائی سے متعلق اطلاعات کا شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ حکومت کے اشارہ پر کام کرنے والے عہدیداروں کو بخشا نہیں جائے گا ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس کا زوال اور کانگریس حکومت کی تشکیل یقینی ہے۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر کے اشارہ پر بعض عہدیدار غلط فیصلے کر رہے ہیں۔ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی لمحہ آخر میں کئے گئے فیصلوں کا از سر نو جائزہ لے گی اور خاطی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ رائے شماری کے موقع پر چوکس رہیں اور امیدوار کو سرٹیفکٹ کی اجرائی تک رائے شماری مرکز میں موجود رہیں ۔ گزشتہ چناؤ میں کانگریس کے کامیاب امیدواروں کو عہدیداروں نے ناکام قرار دیا تھا جن میں دھرما پوری، حضور نگر ، منچریال ، ابراہیم پٹنم اور تنگا ترتی اسمبلی حلقہ جات کے کانگریس امیدوار شامل ہیں۔ اقتدار سے محرومی کے خوف سے کے سی آر عہدیداروں پر متنازعہ فیصلہ کرنے کیلئے دباؤ بنارہے ہیں۔ کنٹراکٹرس کو بھاری رقومات جاری کی جارہی ہے تاکہ کمیشن حاصل ہو۔ مدھو یاشکی گوڑ نے کانگریس کی کامیابی کیلئے عوام ، پارٹی کارکنوں اور کانگریس کی تائید کرنے والی پارٹیوں اور تنظیموں سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام کی جیت ہوئی ہے اور 3 ڈسمبر کے بعد کانگریس حکومت تشکیل پائے گی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر پرگتی بھون سے 2 تا 3 ہزار کروڑ فارم ہاؤز منتقل کر رہے ہیں۔ پرگتی بھون کے تخلیہ کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ دھرانی پورٹل پر اسائنڈ اراضیات کے غیر قانونی رجسٹریشن کئے جارہے ہیں۔ کانگریس پارٹی الیکشن کمیشن سے نمائندگی کرے گی تاکہ عہدیداروں کے فیصلوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ بھڑکتے ہوئے چراغ کو بچانے کی کوشش نہ کریں ورنہ آپ خود بھی بجھ جاؤگے۔