ممبئی ۔21 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ڈپٹی چیف منسٹر مہاراشٹرا اجیت پوار نے منگل کو کہا کہ پال گھر میں گزشتہ ہفتے پیش آئے لنچنگ کے واقعہ کی ہر گوشے سے مذمت کی جانی چاہئے کیونکہ یہ انسانیت پر داغ کے مانند ہے ۔ اُنھوں نے کہاکہ خاطیوں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی ۔ پوار نے کہاکہ اس معاملے کی سی آئی ڈی تحقیقات شروع کی جاچکی ہے اور زائد از 100 افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ جمعرات کو دو پجاری اور اُن کا ڈرائیور پڑوسی ضلع پال گھر سے گذر رہے تھے کہ ہجوم نے اُنھیں چور سمجھ کر بے تحاشہ پٹائی کردی اور وہ فوت ہوگئے ۔ وہ گجرات کے سورت کو جارہے تھے ۔ کورونا وائرس لاک ڈاؤن میں اجنبیوں کو دیکھ کر مقامی دیہاتیوں کو شک ہوا اور تینوں مسافر بروقت وضاحت پیش نہیں کرسکے ۔ اجیت پوار کے حوالے سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام خاطیوں کو ضرور سزاء ملے گی ۔ لاک ڈاؤن کے بارے میں ڈپٹی چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ اس کے قواعد کی تعمیل کرتے ہوئے خودکو گھروں تک محدود رکھیں۔