گوہاٹی : ٹوکیو اولمپکس کی میڈلسٹ لولینا بورگوہین کو 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں اپنے وزن کے زمرے میں ہونے والی تبدیلی کے بعد ممکنہ طور پر 70 کلوگرام کے زمرے میں مقابلہ کرنا پڑے گا، کیونکہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے ان کے موجودہ 75 کلوگرام وزن کے زمریکو ختم کر دیا ہے۔ چہارشنبہ کو آئی او سی نے لاس اینجلس اولمپکس کے لیے ایونٹ پروگرام اور کھلاڑیوں کے کوٹہ کا اعلان کیا۔ اس تبدیلی کے بعد لولینا کے پاس یا تو70 کلوگرام میں نیچے آنے یا پھر 80 کلوگرام سے زائد کے زمرے میں جانے کا انتخاب ہوگا۔ اس غیر متوقع فیصلے پر لولینا نے گہرا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا یہ میرے لیے بالکل نئی خبر ہے۔ واقعی چونکا دینے والی خبر ہے۔ انہوں نے یہ بات گوہاٹی سے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہی۔ یہ فیصلہ نہ صرف لولینا بلکہ کئی دیگر باکسرزکے لیے بھی چیلنج بن سکتا ہے، جنہیں اب اپنے وزن کے زمرے میں نئی حکمت عملی اپنانی ہوگی تاکہ اولمپکس میں حصہ لے سکیں۔