لوک سبھا الیکشن:چوتھے مرحلہ کی آج رائے دہی

,

   

96حلقوں میں کئی بڑے قائدین کی قسمت کا فیصلہ ہوگا، سخت سیکوریٹی انتظامات

نئی دہلی : لوک سبھا انتخابات 2024 کے چوتھے مرحلے میں 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 96 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ عام انتخابات کے چوتھے مرحلے میں آندھرا پردیش کی تمام 25 نشستوں، تلنگانہ کی 17 نشستوں کے ساتھ ساتھ اتر پردیش کی 13، مہاراشٹرا کی 11، مغربی بنگال کی 8، مدھیہ پردیش کی 8، بہار اور جھارکھنڈ کی 5‘5، اوڈیشہ کی 4 اور جموں و کشمیر کی ایک نشست کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ چوتھے مرحلہ میں کئی اہم اور بڑے قائدین کی سیاسی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ مغربی بنگال کے بہرام پور میں کانگریس،بی جے پی اور ترنمول کانگریس میں سخت مقابلہ ہے۔ سابق ہندوستانی کرکٹر یوسف پٹھان کا مقابلہ مغربی بنگال کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری اور بی جے پی کے امیدوار نرمل کمار ساہا سے ہوگا۔ حلقہ حیدرآباد میںاس مرتبہ صدر مجلس اسد الدین اویسی کا مقابلہ بی جے پی کی ماھوی لتا اور کانگریس کے ولی اللہ سمیر سے ہے۔ کرشنا نگر مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کی رہنما مہوا موئترا کا مقابلہ بی جے پی کی امرتا رائے سے ہے۔بیگو سرائے بہار میں بی جے پی کے گری راج سنگھ لوک سبھا انتخابات میں سی پی آئی امیدوار اودھیش رائے کے خلاف مقابلہ کر رہے ہیں۔ سرینگر جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے آغا سید روح اللہ مہدی نے پی ڈی پی کے وحید پارا کو چیلنج کیا۔پارٹی نے محمد اشرف میر کو میدان میں اتارا ہے۔ اس وقت یہ سیٹ نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ کے پاس ہے۔تمام جماعتوں نے آخری لمحات تک عوام کو اپنی جانب راغب کرنے کی بھر پور کوشش کی ہے ۔ چوتھے مرحلہ کیلئے بھی سیکوریٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں ۔لوک سبھا انتخابات 2024 کے چوتھے مرحلے کے ساتھ ساتھ آندھرا پردیش کی تمام 175 سیٹوں اور اڈیشہ کی 147 میں سے 28 قانون ساز اسمبلی کی سیٹوں کیلئے بھی پیر کو انتخابات ہوں گے۔ کئی سیاسی پارٹیوں کے سرکردہ رہنما ووٹروں کو راغب کرنے کیلئے مختلف حلقوں میں آخری لمحات تک کوشش کرتے دیکھے گئے۔ووٹنگ کل صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔ تلنگانہ کے 17 پارلیمانی حلقوں کے بعض اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ کا وقت شام 7 بجے تک بڑھا دیا گیا ہے ۔اتوار کو کمیشن نے بتا یا کہ 96 لوک سبھا حلقوں میں 17.7 کروڑ رائے دہندگان 1.92 لاکھ پولنگ اسٹیشنوں پر اپنا ووٹ ڈال کر 1717 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کر سکیں گے ۔ ان میں سے 8.97 کروڑ مرد اور 8.73 کروڑ خواتین ووٹر ہیں۔کمیشن نے ایک ریلیز میں کہا کہ پیر کو پولنگ کے دن گرمی کی لہر کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے اور دن کا درجہ حرارت معمول سے دو ڈگری سیلسیس کم یا اس سے زیادہ رہنے کی توقع ہے ۔