لوک سبھا انتخابات ‘ 600 انجینئرس کی تعیناتی

   

کسی بھی تکنیکی خرابی سے نمٹنے وسیع اقدامات : رجت کمار کا بیان
حیدرآباد۔4اپریل(سیاست نیوز) ریاست میں 11اپریل کو لوک سبھا انتخابات کی رائے دہی کے دوران کسی تکنیکی اور فنی خرابی سے نمٹنے ریاستی الکٹورل آفیسر کی جانب سے 600 انجینئرس کو تیار رکھا گیا ہے ۔ مسٹر رجت کمار چیف الکٹورل آفیسر نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ تاحال انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے 300 مقدمات کا اندراج عمل میں لایا گیا ہے اور ان میں تحقیقات کاعمل جاری ہے ۔ رجت کمار نے بتایا کہ ریاست میں ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد سے اب تک 29 کروڑ روپئے ضبط کئے جا چکے ہیں اور پیڈ نیوز کی جملہ 600 شکایات موصول ہوئی ہیں جن کا جائزہ لیا جا رہاہے۔ انہو ںنے بتایا کہ حلقہ پارلیمان نظام آباد میں جہاں سب سے زیادہ امیدوار 185 میدان انتخاب میں ہیں 1780 مراکز رائے دہی قائم کئے جا رہے ہیں اور ان مراکز پر الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعہ رائے دہی ہوگی ۔ ایک کنٹرول یونٹ سے 12 بیالٹ یونٹس کو مربوط کیا جا رہا ہے ۔ مسٹر رجت کمار نے بتایا کہ مجموعی اعتبار سے ریاست میں لوک سبھا انتخابات کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں اور ضلع واری اساس پر الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی جانچ کا کام شروع ہوچکا ہے جو کہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں انجام دیا جا رہاہے ۔