لوک سبھا انتخابات ‘ ساتویں اور آخری مرحلہ کی آج پولنگ

,

   

57 نشستوں کیلئے 904 امیدوار میدان میں۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور دو مرکزی وزراء بھی شامل ‘ شام میں ایگزٹ پولس

نئی دہلی: ملک میں لوک سبھا انتخابات2024 کے ساتویں اور آخری مرحلے میں ہفتہ یکم جون کو 7 ریاستوں اور 1 مرکزی زیر انتظام علاقہ کی 57 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ 2019 میں، ان سیٹوں میں سے، بی جے پی 25، ٹی ایم سی 9، بی جے ڈی 4، جے ڈی یو اور اپنا دل (ایس) 2، جے ایم ایم صرف 1 سیٹ جیت پائی تھی ۔ کانگریس کو پنجاب کی وجہ سے 8 سیٹیں ملی تھیں۔ اس مرحلے میں وزیر اعظم نریندر مودی، 2 مرکزی وزیر آر کے سنگھ اور انوراگ ٹھاکر میدان میں ہیں۔ 4 اداکار- کنگنا رناوت، روی کشن، پون سنگھ، کاجل نشاد بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان کے علاوہ ممتا کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی، افضل انصاری، وکرمادتیہ سنگھ بھی قسمت آزما رہے ہیں۔ ساتویں مرحلہ کی انتخابی مہم کا 30 مئی کو اختتام عمل میں آگیا تھا اور تمام اہم سیاسی قائدین شدت سے مہم چلانے کے بعد آخری مرحلہ کی رائے دہی اور پھر 4 جون کو نتائج کے منتظر ہیں۔ کل یکم جون کو رائے دہی کی تکمیل کے بعد ایگزٹ پولس بھی سامنے آئیں گے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے ساتویں مرحلے میں 904 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں سے 809 مرد اور 95 خواتین امیدوار ہیں۔ اس مرحلے میں سب سے امیر امیدوار ہرسمرت کور بادل ہیں، جو کہ بھٹنڈہ، پنجاب سے امیدوار ہیں۔ ان کے پاس 198 کروڑ روپے کے اثاثے ہیں۔542 لوک سبھا سیٹوں کے چھٹے مرحلے تک 485 سیٹوں پر ووٹنگ ہو چکی ہے۔ آخری 57 سیٹوں پر یکم جون کو رائے دہی ہوگی۔ گجرات کے سورت سے بی جے پی امیدوار مکیش دلال نے بلامقابلہ الیکشن جیت لیا ، اس لیے صرف 542 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ 199 امیدواروں کے خلاف فوجداری مقدمات، 155 نے قتل اور اغوا جیسے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا۔اے ڈی آر کی رپورٹ کے مطابق 199 امیدوار ایسے ہیں جن کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہیں۔ 155 امیدوار ایسے بھی ہیں جن کے خلاف قتل اور اغوا جیسے سنگین مقدمات درج ہیں۔ ان میں سے 13 امیدوار کسی نہ کسی معاملے میں مجرم قرار پائے ہیں۔ 4 امیدواروں کے خلاف قتل اور 21 امیدواروں کے خلاف اقدام قتل کے مقدمات ہیں۔ 27 امیدواروں پر خواتین کے خلاف جرائم کے مقدمات ہیں۔ 3 امیدواروں کے خلاف عصمت دری کا مقدمہ درج ہے۔ اس کے ساتھ ہی اشتعال انگیز تقاریر پر 25 امیدواروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ 33% امیدوار کروڑ پتی ہیں، بی جے پی کے پاس سب سے زیادہ 48 ہیں۔لوک سبھا انتخابات کے ساتویں مرحلے کے 904 امیدواروں میں سے 33 فیصد یعنی 299 کروڑ پتی ہیں۔ ان امیدواروں کے اوسط اثاثے 3.27 کروڑ روپے ہیں ۔ بی جے پی کے سب سے زیادہ 44 امیدوار کروڑ پتی ہیں۔ پنجاب کے بھٹنڈہ سے امیدوار ہرسمرت کور بادل امیر ترین امیدوار ہیں۔ ان کے پاس 198 کروڑ روپے کے اثاثے ہیں۔ فہرست میں دوسرا نام اوڈیشہ سے بی جے پی امیدوار بائیجیانت پانڈا کا ہے (148 کروڑ روپے) اور تیسرا نام چنڈی گڑھ سے بی جے پی امیدوار سنجے ٹنڈن (111 کروڑ روپے) کا ہے۔ شرومنی اکالی دل کے تمام 13 امیدوار، عام آدمی پارٹی کے تمام 13 امیدوار اور بیجو جنتا دل کے تمام 6 امیدوار کروڑ پتی ہیں۔ ایس پی کے 9، ٹی ایم سی کے 8، کانگریس کے 30 اور سی پی آئی ایم کے 4 امیدواروں کے پاس ایک کروڑ یا اس سے زیادہ کی جائیداد ہے۔ سب سے کم اثاثہ جات والے امیدواروں میں اتکل سماج کے امیدوار بھانومتی داس جگت سنگھ پور، اڈیشہ سے ہیں۔ ان کے پاس 1500 روپے کے اثاثے ہیں۔ ان کے علاوہ پنجاب کے لدھیانہ سے جن سیوا پارٹی کے راجیو کمار مہرا اور مغربی بنگال کے جادو پور سے آزاد امیدوار بلرام منڈل کے کل اثاثے 2500 روپے ہیں۔